سماجی کارکن پروین رحمان کے قتل بارے پیش رفت رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش

پیر 6 جولائی 2015 14:28

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 جولائی۔2015ء) سپریم کورٹ میں کراچی میں قتل ہونے والی سماجی کارکن پروین رحمان کے حوالے سے پولیس اور دیگر اداروں نے پیش رفت رپورٹ عدالت میں پیش کرتے ہوئے بتایا ہے کہ پروین رحمان کے قتل میں ملوث ملزم رحیم سواتی کا پتہ چلا لیا گیا ہے وہ کراچی میں ہے جلد اس کو گرفتار کرلیا جائے گا ۔عدالت مزید تحقیقات کیلئے وقت دے ۔

جبکہ عدالت نے پولیس کو حکم دیا ہے کہ پروین رحمان کے گھر والوں کو تحفظ اور فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے اور ملزم کی گرفتاری اور مقدمے میں مزید پیش رفت بارے رپورٹ اٹھائیس جولائی کو عدالت میں پیش کی جائے گی ۔ یہ ہدایت چیف جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے پیر کے روز جاری کی ہے ۔دوران سماعت ایس ایس پی پیر محمد شاہ ، ڈی آئی جی سلطان اور دیگر حکام پیش ہوئے ۔

(جاری ہے)

عدالت کو بتایا گیا کہ ملزم تک پولیس پہنچ چکی ہے اور وہ قتل ہونے کے ڈر سے روپوش ہے کچھ عرصے میں ملزم کو گرفتار کرکے عدالت میں رپورٹ پیش کردی جائے گی اس کیلئے مزید وقت دیا جائے ۔ دوران سماعت مقتولہ کی ہمشیرہ عدالت میں پیش ہوئیں اور انہوں نے عدالت کو بتایا کہ ان کو اور ان کے خاندان کو مسلسل دھمکیاں مل رہی ہیں موٹر سائیکل سوار بھی آئے تھے وہ بھی دھمکیاں دے کر گئے ہیں ان کی جان کو خطرہ ہے تحفظ فراہم کیا جائے ۔اس پر عدالت نے ڈی آئی جی سی آئی ڈی ، ایس ایس پی اور دیگر حکام کو ہدایت کی ہے کہ مقتولہ کے ورثاء کو تمام تر فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے اور مقدمے بارے اٹھائیس جولائی تک پیش رفت رپورٹ پیش کی جائے بعد ازاں عدالت نے مقدمے کی سماعت ملتوی کردی

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں