سپریم کورٹ کی پروین رحمان قتل کیس کے ملزمان کو جلد گرفتار کرنے کی ہدایت

پیر 6 جولائی 2015 21:52

اسلام آباد ۔ 06 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 جولائی۔2015ء) سپریم کورٹ نے کراچی میں معروف سماجی ورکر پروین رحمان قتل کیس میں پولیس کو مقتولہ کے اہل خانہ کو تحفظ فراہم کرنے‘ تفتیش جاری رکھنے اور ملزمان کوجلد از جلد گرفتارکرکے انصاف کے کٹہرے میں لانے کی ہدایت کر دی۔ پیرکو چیف جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران سندھ پولیس کی طرف سے عدالت کو بتایا گیا کہ کیس کے مرکزی ملزم نعیم سواتی کو گرفتار کرنے کیلئے کوششیں جاری ہیں اور توقع ہے کہ اسے جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ اس وقت ملزم سامنے آنے سے اسلئے گھبرا رہا ہے کہ اسے خدشہ ہے کہ اسے ان کاؤنٹر کر دیا جائے گا۔ پولیس حکام کا کہنا تھا کہ پولیس ملزم کے قریب پہنچ چکی ہے اسے جلد گرفتار کرنے کیلئے مزید وقت دیا جائے۔

(جاری ہے)

عدالت کو مزید بتایا گیا کہ کیس کی تحقیقات کے دوران موٹرسائیکل ملزمان کی جانب سے پروین رحمان کے اہل خانہ کو دھمکیاں دی گئیں جس کے بعد دھمکیاں دینے والے مسلح ملزمان کو گرفتار کرکے ان سے تفتیش کی گئی اور بعد ازاں تنبیہ کرکے ملزمان کو چھوڑ دیا گیا جس پر چیف جسٹس نے شدید ناراضگی کا اظہار کیا اور کہا کہ کسی کے گھر میں مسلح افراد کا گھس جانا جرم ہے لیکن یہاں پولیس نے شکایت کنندہ کو سننے بغیر گرفتار ملزمان کو کیوں چھوڑ دیا۔ عدالت نے بعد ازاں مزید سماعت28جولائی تک ملتوی کی‘ مقدمے کی آئندہ سماعت کراچی رجسٹری میں ہوگی۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں