پاکستان پولیو کیسزکی تعداد میں 80 فیصد کمی لانے میں کامیاب ہو گیا ہے، وائرس اب چند حصوں تک محدود ہو کر رہ گیا ہے

وزیر اعظم کی فوکل پرسن برائے پولیو سینیٹرعائشہ رضا فاروق کی عالمی بینک کی ٹیم سے ملاقات کے دوران گفتگو

بدھ 20 جنوری 2016 21:11

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔20 جنوری۔2016ء) عالمی بینک کی ایک اعلی سطحی ٹیم نے ڈاکٹر رابرٹ ال رچز کی قیادت میں وزیر اعظم فوکل پرسن برائے پولیو سینیٹرعائشہ رضا فاروق سے ملاقات کی جس دوران سینیٹرعائشہ رضا فاروق نے ان کو بتایا کہ پاکستان کی بھر پور کوشش کے نتیجے میں پولیو کیسزکی تعداد میں 80 فیصد کمی لانے میں کامیاب ہو گیا ہے اور پولیو وائرس اب پاکستان کے چند حصوں تک محدود ہو کر رہ گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے حوالے سے مختلف نئی حکمت عملیاں متعارف کرائی گئی ہیں، خاص طور پرشورش زدہ علاقوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ اس موقع پر پروگرام کے کواڈینیٹرڈاکٹر رانا صفدر نے ملک بھر میں پولیو کے نگرانی اور عمل درآمد کے نظام پر تفصیلاً بریفنگ دی۔ ورلڈ بنک کے وفد نے پولیو کے سلسلے میں ہونے والی کامیابیوں پر حکومت کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ پولیو کے خاتمہ کے لیے قائم کردہ ایمرجنسی مراکز ملک میں صحت کے دیگر پروگراموں کے لیے بھی انتہائی کارآمد ثابت ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے پولیو کے خاتمے کے قومی مرکز میں ڈیٹا منیجمنٹ کے نظام کو سراہا اور پولیو پروگرام میں تعاون فراہم کرنے کا عندیہ دیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں