پاکستان کا کھوئی رٹہ سیکٹر میں بھارتی فائرنگ سے مقامی مزدور کی شہادت پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج

بھارت سیز فائر معاہدے کی پابندی کرے ،ْ تمام واقعات کی تحقیقات کی جائیں ،بھارتی فوج سویلینز کو نشانہ بنانے سے باز رہے ،ْ دفتر خارجہ

بدھ 8 فروری 2017 14:36

پاکستان کا کھوئی رٹہ سیکٹر میں بھارتی فائرنگ سے مقامی مزدور کی شہادت پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 فروری2017ء) پاکستان نے کھوئی رٹہ سیکٹر میں بھارتی فائرنگ سے مقامی مزدور کی شہادت پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج کیا اور کہا ہے کہ بھارت سیز فائر معاہدے کی پابندی کرے ،ْ تمام واقعات کی تحقیقات کی جائیں اور بھارتی فوج سویلینز کو نشانہ بنانے سے باز رہے ۔

بدھ کو دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل (جنوبی ایشیاء وسارک)ڈاکٹر محمد فیصل نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفتر خارجہ طلب کیا اور سات فروری کو لائن آف کنٹرول پر بھارتی قابض افواج کی جانب سے کھوئی رٹہ سیکٹر میں سیز فائر کی بلا اشتعال خلاف ورزی کی مذمت کی جس کے نتیجے میں ایک مکان کی تعمیر میں مصروف 25سالہ مزدور اشفاق شہید ہوگیا ۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل وزارت خارجہ نے سویلینز کو جان بوجھ کر نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ یہ بین الاقوامی انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور ایک جرم ہے ۔انہوںنے زور دیا کہ بھارت 2003کے سیز فائر معاہدے کی پابندی کرے اس واقعہ سمیت سیز فائر کی خلاف ورزی کے دیگر تمام واقعات کی تحقیقات کی جائیں اور بھارتی افواج کو سیز فائر پر پوری طرح عملدر آمد کی ہدایت کی جائے اور بھارتی فوج دیہات اور سویلینز کو نشانہ بنانے سے باز رہے اور لائن آف کنٹرول پر امن بحال رکھا جائے ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں