لائبریریوں کو آباد کر کے معاشرے میں مثبت رویئے پروان چڑھانے میں مدد مل سکتی ہے، عرفان صدیقی

نیشنل لائبریری قومی اثاثہ ہے، اسے علمی گہوارہ بنانے کیلئے جامع پروگرام وضع کیا جا رہا ہے ،مشیر وزیراعظم کا نیشنل لائبریری کا دورہ کے موقع پر اجلاس سے خطاب

بدھ 8 فروری 2017 15:22

لائبریریوں کو آباد کر کے معاشرے میں مثبت رویئے پروان چڑھانے میں مدد مل سکتی ہے، عرفان صدیقی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 فروری2017ء) وزیراعظم کے مشیر قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ نیشنل لائبریری ایک قومی اثاثہ ہے، اسے علمی گہوارہ بنانے کیلئے جامع پروگرام وضع کیا جا رہا ہے جس کے تحت اس کے امور کار، صورت اور خدمات کو بہتر بنایا جائے گا تاکہ مطالعہ کا کلچر فروغ پائے اور نوجوان نسل کتاب دوستی کی طرف راغب ہو۔

وہ بدھ کو نیشنل لائبریری کے دورے کے موقع پر منعقدہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ وفاقی سیکرٹری قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن عامر حسن، جوائنٹ سیکرٹری سید جنید اخلاق کے علاوہ دیگر حکام اجلاس میں موجود تھے۔ ڈائریکٹر نیشنل لائبریری سید غیور حسن نے لائبریری کی تاریخ، کارکردگی، درپیش مسائل، مستقبل کے منصوبہ جات اور ضروریات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

نیشنل لائبریری کو قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن کا حصہ بنائے جانے کے بعد مشیر وزیراعظم عرفان صدیقی کا انچارج وزیر کی حیثیت سے لائبریری کا یہ پہلا دورہ تھا۔ انہوں نے افسران اور عملے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل لائبریری میں علمی ماحول بنائیں گے اور طالب علموں، محققین اور کتاب دوستوں کے لئے ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے لائبریری کی عمارت کی مناسب دیکھ بھال ،کتابوں کی تعداد کے درست تعین کاجائزہ لینے کی ہدایت کی۔

انہوں نے گزشتہ تین سال کے دوران خریدی جانے والی کتابوں کا ریکارڈ مرتب کر کے پیش کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔ عرفان صدیقی نے کہا کہ لائبریریوں کو آباد کر کے معاشرے میں مثبت رویئے پروان چڑھانے میں مدد مل سکتی ہے۔ لائبریریاں ہماری تہذیب کا ایک لازمی جزو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لائبریریوں کو جدید عصری خطوط پر ڈھالنے کے لئے بھی اقدامات کریں گے اور اس کے لئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے امکانات کا جائزہ لیں گے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ نیشنل لائبریری میں 1900ء سے قبل شائع ہونے والی دس ہزار نایاب اور 500 قلمی نسخے بھی موجود ہیں۔ مشیر وزیراعظم عرفان صدیقی نے نیشنل لائبریری کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا اور مطالعہ کے لئے مختص ہال دیکھے۔ انہوں نے مطالعہ ہال میں موجود طلبہ و طالبات سے بھی گفتگو کی۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں