پاکستان کا قیام جمہوری جدوجہد کے نتیجہ میں عمل میں آیا، بقاء ،ترقی بھی جمہوریت سے وابستہ ہے، ممنون حسین

جذبہ حب الوطنی، خلوص، عزم اور ایمانداری پر مبنی ہماری اجتماعی کوششیں ملک کو ترقی کی نئی منازل کی جانب گامزن کرنے میں مددگار ہوں گی معیشت ترقی کر رہی ہے ،ملک ایک علاقائی اقتصادی طاقت بننے کیلئے تیار ہے،سی پیک پاکستان اور چین کے درمیان گہرے باہمی تعلقات کا مظہر ہے جو سماجی و اقتصادی ترقی کے لحاظ سے خطے کی قسمت تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، صدر مملکت کا یوم پاکستان کے موقع پر پیغام

بدھ 22 مارچ 2017 23:34

پاکستان کا قیام جمہوری جدوجہد کے نتیجہ میں عمل میں آیا، بقاء ،ترقی بھی جمہوریت سے وابستہ ہے، ممنون حسین
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2017ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کا قیام جمہوری جدوجہد کے نتیجہ میں عمل میں آیا، اس کی بقاء اور ترقی بھی جمہوریت ہی سے وابستہ ہے، مجھے یقین ہے پارلیمنٹ، عوام اور تمام ادارے اس مقصد کیلئے ہم آہنگی کیساتھ کام کرینگے، قوم جمہوری نظام کے تحت درپیش مختلف چیلنجوں سے نمٹنے کی جدوجہد کر رہی ہے، جذبہ حب الوطنی، خلوص، عزم اور ایمانداری پر مبنی ہماری اجتماعی کوششیں ملک کو ترقی کی نئی منازل کی جانب گامزن کرنے میں مددگار ہوں گی۔

یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن ہر سال ہمیں برصغیر کے مسلمانوں کے ان نظریات، اصولوں، ارفع مقاصد اور اتحاد کی یاد دلاتا ہے جن کی بدولت وہ اپنے خواب کی تکمیل میں کامیاب ہوئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 77 برس قبل آج ہی کے دن برصغیر کے مسلمانوں نے اپنی تہذیب، روایات اور ثقافتی اقدار کے مطابق زندگی ڈھالنے کے لئے ایک علیحدہ وطن کے حصول کے غیر متزلزل عزم کا اظہار کیا۔

انہوں نے اپنی بے مثال کاوشوں، پختہ عزم اور الله تعالیٰ کے کرم سے سات برس کے مختصر عرصہ میں اپنا مقصد حاصل کر لیا۔ صدر ممنون حسین نے کہا کہ ہم قائداعظمؒ اور دیگر بانیانِ پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جو اپنے عزمِ صمیم، آہنی ارادے اور مقصدکے حصول کیلئے غیر متزلزل لگن کی بدولت برصغیر کے مسلمانوں کو ایک پلیٹ فارم پر لے کر آئے اور ان کیلئے الگ وطن تشکیل دیا۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظم اور ہمارے آباؤ اجداد نے ایک جمہوری ریاست کے قیام کا خواب دیکھا تھا جہاں آئین اور قانون کی حکمرانی ہو اور جہاں اقلیتوں کو مساوی حقوق اور مواقع حاصل ہوں۔ صدر نے کہا کہ یہ دن اس حقیقت کی ایک بار پھر یاد دلاتا ہے کہ پاکستان کا قیام ایک جمہوری جدوجہد کے نتیجے میں عمل میں آیا اور اس کی بقاء اور ترقی بھی جمہوریت ہی سے وابستہ ہے۔

انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ پارلیمنٹ، عوام اور تمام ادارے اس مقصد کے لئے ہم آہنگی کے ساتھ کام کریں گے۔ صدر نے اس امر پر زور دیا کہ اس دن کو روایتی جوش و جذبے سے مناتے ہوئے ہمیں اپنی کامیابیوں کے ساتھ ساتھ درپیش چیلنجوں پر بھی غور کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ انتہا پسندی اور دہشت گردی کی لعنت نے ہمارے معاشرے کی جڑوں کو ہلا کر رکھ دیا تھا لیکن یہ بات خوش آئند ہے کہ حکومت کے فیصلے کے تحت بہادر عوام کی مکمل حمایت سے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اس لعنت پر بہت حد تک قابو پا لیا ہے اور اس کی مکمل بیخ کنی کے لئے پرعزم ہیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملک میں دیرپا امن کے لئے ہم معاشرے میں رواداری، ہم آہنگی، اختلاف رائے برداشت کرنے اور باہمی احترام جیسی اقدار کو فروغ دیں۔ صدر نے کہا کہ پاکستان کی معیشت ترقی کر رہی ہے اور ملک ایک علاقائی اقتصادی طاقت بننے کیلئے تیار ہے۔ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبہ، پاکستان اور چین کے درمیان گہرے باہمی تعلقات کا مظہر ہے جو سماجی و اقتصادی ترقی کے لحاظ سے خطے کی قسمت تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

اس میگا پراجیکٹ کی تکمیل سے نہ صرف پاکستان میں بلکہ پورے خطے میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ صدر نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ قوم ایک جمہوری نظام کے تحت درپیش مختلف چیلنجوں سے نمٹنے کی جدوجہد کر رہی ہے۔ مجھے یقین ہے کہ جذبہ حب الوطنی، خلوص، عزم اور ایمانداری پر مبنی ہماری اجتماعی کوششیں ملک کو ترقی کی نئی منزلوں کی جانب گامزن کرنے میں ہماری مددگار ہوں گی۔ صدر نے قوم پر زور دیا کہ وہ اس پختہ عزم کا اعادہ کرے کہ ہم بانیان پاکستان کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے ان کے ورثہ یعنی پاکستان کو ان کے خوابوں کے مطابق امن، ترقی اور استحکام کا گہوارہ بنا دیں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں