77ویں یوم پاکستان کے موقع پرمسلح افواج کی پریڈ، صدر ، وزیراعظم کی شرکت

قیام پاکستان سے قوم کو واضح نظریاتی شناخت ملی،صدر ممنون

Fahad Shabbir فہد شبیر جمعرات 23 مارچ 2017 10:13

77ویں یوم پاکستان کے موقع پرمسلح افواج کی پریڈ، صدر ، وزیراعظم کی شرکت
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔23مارچ۔2017ء)77 ویں یوم پاکستان کے موقع پر شکر پڑیاں گراؤنڈ میں مسلح افواج کی پریڈ ہوئی ، مسلح افواج کے دستوں نے صدر مملکت سمیت وزیر اعظم نواز شریف، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور دیگر اعلی عسکری اور سول افسران کو سلامی دی۔پریڈ میں سعودی عرب کی خصوصی فورس کے دستے اور ترکی کے فوجی بینڈ نے شرکت کی۔

پریڈ میں پہلی بار پیپلز لبریشن آرمی چائنہ کی تینوں افواج کے دستے بھی موجود تھے۔پاک فوج کی خواتین کا دستہ بھی پیش پیش تھا، فلائی پاسٹ میں ایف 16، جے ایف 17 اورمیراج طیارے بھی شریک ہوئے،جنوبی افریقا کی فوج کے سربراہ سمیت غیرملکی مہمانوں نے بھی خصوصی شرکت کی۔صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ قیام پاکستان سے قوم کو واضح نظریاتی شناخت ملی،ملک کی ترقی و سلامتی کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اسلام آباد میں شکر پریاں پریڈ ایوینیو گراؤنڈ میں یوم پاکستان کی پر وقار تقریب کے موقع پر صدر پاکستان ممنون حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں پاکستان کی سیکورٹی فورسز نے جانوں کی قربانیاں دیں ۔بھارت کے غیر ذمہ دارانہ طرز عمل ، کنٹرول لائن پر جارحیت نے خطے کے امن کو داؤ پر لگادیا ہے، ہم اپنے ہمسایوں کے ساتھ دوستی چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی طرف سے سیز فائر کی مسلسل خلاف ورزیاں جاری ہیں، پاکستان کشمیری بھائیوں کی اخلاقی وسیاسی حمایت جاری رکھے گا۔ہمارا مقصد عالمی اور علاقائی امن کو یقینی بنانا ہے، بھارت کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیارہیں ۔ صدر نے کہا کہ آپریشن ردالفساد کے تحت کارروائیاں بچے کچھے دہشت گردوں کے خاتمے تک جاری رہیں گی،پاکستان کا دفاع آج مضبوط اور ناقابل تسخیر ہے ،خوشی ہے کہ آج کی پریڈ میں پیپلزلبریشن آرمی چین کا فوجی دستہ پہلی بار شریک ہے۔امن ترقی اور خوش حالی کے عظیم ترمقاصد کے لیے ہمارے دوستوں کو پاکستان کا تعاون ہمیشہ حاصل رہے گا۔ انہوں نے پاکستانی فوج کو پیغام دیا کہ بہادر جوانو! اسی جوش و جذبے کے ساتھ پاکستان کی حفاظت کرتے رہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں