کریڈٹ سوئس کا سورج غروب ،حریف بینک نے کریڈٹ سوئس کو صرف 3.24بلین ڈالرمیں خرید لیا

پیر 20 مارچ 2023 16:26

کریڈٹ سوئس کا سورج غروب ،حریف بینک نے  کریڈٹ سوئس کو صرف  3.24بلین ڈالرمیں خرید لیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مارچ2023ء) سوئٹزرلینڈ کے سب سے بڑے بینک، ’یو بی ایس ‘ نے کریڈٹ سوئس کو3 بلین سوئس فرانک ( 3.24بلین ڈالر ) میں خریدنے پر رضامندی ظاہر کی ہے، حکام کے مطابق عالمی مالیات پر اعتماد کے بڑھتے ہوئے بحران پر قابو پانے کے لیے ڈیزائن کیے گئے معاہدے کے تحت سوئس مرکزی بینک سے یو بی ایس اور کریڈٹ سوئس کے لیے 100 بلین فرانک (108 بلین ڈالر ) کی لیکویڈیٹی پر مشتمل امداد بھی شامل ہے۔

سوئس مرکزی بینک نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس غیر معمولی صورتحال میں مالی استحکام اور سوئس معیشت کی حفاظت کے لیے ایک حل کے طور یو بی ایس ،کریڈٹ سوئس کا کنٹرول حاصل کر رہا ہے۔سوئس حکومت نے کہا کہ یو بی ایس کو کریڈٹ سوئس پر قبضہ کرنے کے قابل بنانے کے لیے، وفاقی حکومت پورٹ فولیو کے واضح طور پر بیان کردہ حصے کے لیے زیادہ سے زیادہ 9 بلین فرانک (9.7بلین ڈالر ) کے نقصان کی ضمانت فراہم کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

کریڈٹ سوئس، ایک 167 سال پرانا بینک ہے جو ریاستہائے متحدہ کے دو بینکوں سلیکون ویلی بینک اور سگنیچر بینک کے حالیہ دیوالیہ ہونے کے بعد مارکیٹ میں بڑے نام کے طور سامنے آیا ہے ۔پیر کو مالیاتی منڈیوں کے دوبارہ کھلنے سے قبل حکام دنیا کے سب سے بڑے ویلتھ مینیجرز میں شامل کریڈٹ سوئس کو بچانے کے لیے کوششیں کر رہے تھے۔سوئس فنانشل مارکیٹ سپروائزری اتھارٹی( فنما ) نے کریڈٹ سوئس کے حریف بینک یو بی ایس کو 60 فیصد کی رعایت کے ساتھ سوئس بینک کا انتظام سنبھالنے کی منظوری دیدی ہے جس سے کریڈٹ سوئس کے تقریباً 16 بلین سوئس فرانک ( 17.3 بلین ڈالر ) کے بانڈز کی حیثیت صفر ہو گئی ہے۔

یو بی ایس اور کریڈٹ سوئس دونوں 30 عالمی نظام کے لحاظ سے اہم بینکوں کے ایک گروپ میں ہیں جو ریگولیٹرز کے ذریعے قریب سے دیکھے جاتے ہیں، اور کریڈٹ سوئس کی ناکامی پورے مالیاتی نظام پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔گزشتہ سال یو بی ایس نے 7.6 بلین ڈالر کا منافع کمایا، جبکہ کریڈٹ سوئس نے 7.9 بلین ڈالر کا خسارہ دیکھنا پڑا ۔کریڈٹ سوئس کے حصص کی قدر میں ایک سال پہلے کے مقابلے میں 74 فیصد کمی آ چکی ہے۔یاد رہے کہ یو بی ایس سوئٹزرلینڈ کا دوسرا سب سے بڑا بینک ہونے کے علاوہ، یہ دنیا کے بہت سے امیر ترین لوگوں کی دولت کی دیکھ بھال کرتا ہے اور عالمی سرمایہ کاری بینکنگ کی خدمات پیش کرتا ہے۔ 2022 کے آخر میں اس کے 50,000 سے زیادہ ملازمین تھے، جن میں سے 17,000 سوئٹزرلینڈ میں ہیں۔\932

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں