وفاقی وزیر چوہدری محمد برجیس طاہر سے آزاد کشمیرحکومت کے سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق کی ملاقات

منگل 3 اپریل 2018 18:57

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اپریل2018ء) وفاقی وزیر امور کشمیر چوہدری محمد برجیس طاہر سے آزاد جموں و کشمیرحکومت کے سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق نے منگل کو یہاں ملاقات کی۔ ملاقات میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے حالیہ پر تشدد کارروائیوں سے پیدا ہونے والی صورت حال اور علاقائی امن کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔

وفاقی وزیر نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں جعلی پولیس مقابلوں میں نہتے کشمیری نوجوانوں کو شہید کرنے کے بڑھتے ہوئے واقعات کی شدید الفاط میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کشمیریوں کی نسل کشی کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کی ڈیمو گرافی تبدیل کرنے کیلئے جو منظم کارروائی کر رہا ہے اُس میں اُسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے عالمی برادری اور خصوصاً آو آئی سی ممالک سے مقبوضہ کشمیر میں کشمیری مسلمانوں کی جاری نسل کُشی کا فوری نوٹس لینے کی اپیل کی اور کہا کہ ستر سالوں میں لاکھوں کشمیریوں کی شہادت کے باوجود بین الاقوامی برادری کی بے حسی قابل افسوس ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت ظلم و تشدد کے تمام حربے آزما رہا ہے اور کشمیریوں کی حق خودارادیت کو کچلنے کیلئے جس درندگی کا مظاہرہ کر رہا ہے اُس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ ایل او سی کے دونوں اطراف بھارت کی جارحیت اور جنگی جنون علاقائی امن کے لئے انتہائی خطر ناک ہے جو کسی بڑے سانحے کا پیش خیمہ بن سکتا ہے۔ ملاقات میں آزاد کشمیر کے سینئر وزیر نے پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے کشمیریوں کے ساتھ بھر پور یکجہتی پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ایل او سی کے دونوں اطراف کشمیری بھارت کے ظلم و تشدد اور جارحیت کا بڑے حوصلے اور عزم سے مقابلہ کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کو یہ سمجھ لینا چاہیے کہ وہ اپنے تمام حربوں کے باوجود نہ تو پچھلے 70 سال میں کشمیریوں کو حق خودارادیت کے پیدائشی حق سے دستبردار کرا سکا ہے اور نہ ہی آئندہ آنے والے وقت میں وہ اس حق کے حصول میں کشمیریوں کے اس عزم میں کمی لا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ غیور و بہادر کشمیری بھارت سے اپنا حق چھین کر رہیں گے اور بھارت کو یہ سمجھ لینا چاہئے کہ مسئلہ کشمیر کا حل طاقت کے استعمال میں نہیں بلکہ صرف اور صرف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے نوازمیں ہی ہے۔ چوہدری طارق فاروق نے مسئلہ کشمیر پر وفاقی حکومت کی جانب سے مسلسل سیاسی ،سفارتی و اخلاقی حمایت پر وفاقی حکومت اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں