پاکستان کے آزادنہ ،منصفانہ اور شفاف انتخابات ہی صحیح جمہوری قیادت کا تعین کر سکتے ہیں،راجہ فارو ق حیدر

پاکستان میں مسلم لیگ (ن) اور دیگر جمہوری قوتیں ملک کی بنیادی اساس کو قائم رکھنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں گی میاں محمد نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی کے شکر گزار ہیں جنہوں نے 2013کے انتخابات میں اپنے منشور میں آزادکشمیر سے متعلق کیئے گئے وعدوں پر عملدرآمد کیا ،انشاء اللہ آزادکشمیر ان اقدامات کی بدولت پاکستان میں خوشحالی کا ایک قلعہ ثابت ہو گا ،وزیر اعظم آزاد کشمیر

بدھ 18 جولائی 2018 19:32

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2018ء) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ پاکستان کے آزادنہ ،منصفانہ اور شفاف انتخابات ہی صحیح جمہوری قیادت کا تعین کر سکتے ہیں وطن عزیز پاکستان میں مصنوعی قیادت لانے کا تجربہ ناکام ہو چکا ہے ۔ سیز فائر لائن کی دونوں اطراف بسنے والے کشمیری وطن عزیز کے حالات پر مضطرب ہیں ہم میاں محمد نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی کے شکر گزار ہیں جنہوں نے 2013کے انتخابات میں اپنے منشور میں آزادکشمیر سے متعلق کیئے گئے وعدوں پر عملدرآمد کیا ،انشاء اللہ آزادکشمیر ان اقدامات کی بدولت پاکستان میں خوشحالی کا ایک قلعہ ثابت ہو گا جو تحریک آزادی کشمیر کی تقویت کا باعث ہو گا ۔

وزیراعظم نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف کا مقابلہ بزدل لوگوں کے ساتھ ہے نیب کو چاہیے کہ جتنے بھی ن لیگ کے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے امیدواران ہیں ان کے خلاف ایک ہی دفعہ ریفرنس دائر کر دے صرف سابق وفاقی وزیر برجیس طاہر یا ایک ایک کر کے امیدواران کو بلانے یا نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ درست نہیں صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف کے اس خطہ کہ جس میں انہوں نے سابق وزیراعظم کو سہولیات کی عدم فراہمی کا ذکر تھا کے جواب میں پنجاب حکومت کا جواب انتہائی شرمناک ہے میاں محمد نواز شریف اور مریم نواز نے جس طرح کھٹن حالات میں صبر و استقامت اور عزم و حوصلے کے ساتھ ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا وہ پاکستان کی تاریخ کا سنہری حصہ بن چکا ہے میاں محمد نواز شریف کی لاہور آمد پر شہباز شریف اور ن لیگ کی قیادت کی بر وقت اور درست حکمت عملی کی وجہ سے خوفناک تصادم ہونے سے بچ گیا جو بعض سیاسی مخالفین کی خواہش تھی تاکہ الیکشن ملتوی ہوں اور ملک میں کوئی غیر جمہوری واقعہ ظہور پذیر ہو ۔

(جاری ہے)

لاہور پرامن ریلی کے حوالے سے لیگی قیادت کے خلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمات کا اندراج پنجاب حکومت کی بو کھلاہٹ کا نتیجہ ہے قومی اسمبلی کے سپیکر کو عملاً ٹارگٹ کیا گیا مگر اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ وہ کسی حادثے سے محفوظ رہے اپنے ایک بیان میں وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ ہوائی جہاز میں میاں محمد نواز شریف کے ساتھ نیب کے ایک آفیسر کا رویہ انتہائی شرمناک تھا جو سیکیورٹی اہلکاروں کو کہہ رہا تھا کہ انہیں گھسیٹ کر اور دھکے مار کر باہر نکالو میاں محمد نواز شریف خود گرفتاری دینے آئے تھے ان کے ساتھ یہ سلوک کیوں کیا گیا اسی دوران آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے ایک ممبر راجہ جاوید اقبال کو بھی زد و کوب کیا گیا جو میاں محمد نواز شریف کے ساتھ آئے تھے اور کچھ عرصہ قبل ان کے کولہے کا آپریشن ہوا ہے میاں محمد نواز شریف کے ساتھ آنے والے دیگر لوگوں کو بھی زدو کوب کیا گیا اور ان پر تشدد کیا گیا انہوں نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف کے ساتھ جیل میں جو سلوک روا رکھا جا رہا ہے وہ انتہائی شرمناک ہے جو لوگ یہ سلوک کر رہے ہیں وہ بھی انصاف کے کٹہرے میں آئیں گے وزیراعظم آزادکشمیر کا کہنا تھا کہ وطن عزیز میں لوگوں کے عقائد پر بھی حملے کیئے جا رہے ہیں پاکستان میں مسلم لیگ ن اور دیگر جمہوری قوتیں ملک کی بنیادی اساس جس پر پاکستان قائم ہوا تھا کو قائم رکھنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں