صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان کی علی امین خان گنڈا پور سے ملاقات

خطے کی مجموعی صورتحال، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سمیت آزادکشمیر کی صورتحال پرتبادلہ خیال تحریک انصاف کی حکومت مسئلہ کشمیر سے متعلق ایک متحرک پالیسی پر کاربند ہے،وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان

جمعرات 18 اکتوبر 2018 20:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2018ء) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے اسلام آباد میں وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پور سے ملاقات کی۔ ملاقات میں خطے کی مجموعی صورت حال، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سمیت آزادکشمیر کی صورت حال سے متعلق بات چیت کی گئی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر نے مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر بھارتی فوج کی جانب سے انسانیت سوز مظالم کی پرُ زور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں آٹھ لاکھ بھارتی فوج نہتے معصوم شہریوں پر انسانیت سوز مظالم ڈھا رہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ ان تمام تر مظالم کے باوجود غیور وبہادر کشمیری عوام کا حق خودارادیت اور پاکستان سے وابستگی کا اظہارقابل دید ہے جس کو پوری پاکستانی قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کی سربراہی میں تحریک انصاف کی حکومت مسئلہ کشمیر سے متعلق ایک متحرک پالیسی پر کاربند ہے۔ انہوںنے کہاکہ اُن کی حکومت دُنیا کے تمام فورمز پر کشمیریوں کے حقوق کی آواز کشمیریوں کی اُمنگوں کے عین مطابق اٹھا رہی ہے ۔ اس موقع پر صدر آزادکشمیر نے وفاقی حکومت کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر واضح اور دو ٹوک موقف اپنانے پر حکومت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے قوم سے خطاب اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے جنرل اسمبلی کے خطاب میں مسئلہ کشمیر پر دوٹوک اور واضح موقف سے لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب رہنے والوں کشمیریوں کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔

انہوںنے کہاکہ قابض بھارتی فوج نام نہاد مقابلوں میں نہتے کشمیری نوجوانوںکو شہید کر رہی ہے اور بھارتی فوج نے بزرگ اورخواتین سمیت درجنوں کشمیری رہنمائوں کو بھی قید کر رکھا ہے جو اس کی بوکھلاہٹ کی کھلی عکاسی کرتا ہے انہوںنے کہاکہ تمام مواقعوں پر مقبوضہ کشمیر کے عوام پاکستان کے جھنڈے لہرا کر پاکستان سے اپنی وابستگی کا کھلا اظہار کرتے ہیں۔

ملاقا ت میں آزادکشمیر میں تعلیم و صحت اور سیاحت کے شعبوں کی ترقی کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ سیاحت کے شعبے کی ترقی کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کا ایک خاص وژن ہے۔ انہوں نے کہاکہ آزاد کشمیر کو سیاحت کے شعبے کے حوالے سے بے پناہ صلاحیت حاصل ہے جس کو ایک بہتر منصوبہ بندی کے ذریعے پروان چڑھایا جاسکتا ہے انہوںنے کہاکہ اس ضمن میں وفاقی حکومت آزادکشمیر میں سیاحت کی ترقی کے لیے بھرپور تعاون پیش کرے گی۔

ملاقات میں آزادکشمیر کے مختلف سیاحتی مقامات کو آپس میں منسلک کرنے کے لیے 200 کلومیٹر طویل ٹورازم کورڈور پر بھی بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں صدر آزاد کشمیر نے وفاقی وزیر کو آزادکشمیر میں شائراروں کی صورت حال سمیت دیگر مسائل سے بھی وفاقی وزیر کو آگاہ کیا۔ وفاقی وزیر نے ان مسائل کے حل کے لیے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

ملاقات میں عبوری آئین 1974 کی 13 ویں ترمیم سے متعلق بھی بات چیت کی گئی اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ 13 ترمیم سے پیدا شدہ صورت حال کو تمام اسٹیک ہولڈرز سے باہمی مشاورت اور وزیراعظم پاکستان کی جانب سے تشکیل کردہ کمیٹی کی تجاویز کی روشنی میںاتفاق رائے سے حل کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اس ضمن میں وہ سمجھتے ہیں کہ ایسے اقدامات کی ضرورت ہے جن پر سب کا اتفاق رائے ہواور جس سے پاکستان اور آزادکشمیر کے باہمی رشتے مضبوط سے مضبوط تر ہوں۔ اس سے قبل صدر آزادکشمیر نے علی امین خان گنڈا پور کو وزارت اُمور کشمیر کا منصب سبنھالنے پر مبارکباد پیش کی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں