آزادکشمیر میں تعمیر و ترقی، سیاحت کا فروغ، تعلیمی نظام کی بہتری ودیگر سہولیات کی فراہمی حکومتی ترجیحات میں شامل ہے، سردار مسعود خان

40کروڑ روپے کی لاگت سے راولاکوٹ واٹر ورکس منصوبے پر ایک ہفتے میں کام شروع ہوجائیگا، تکمیل سے شہریوں کو درپیش پانی کا مسئلہ حل ہو جائیگا، صدر آزاد کشمیر

جمعہ 18 جنوری 2019 20:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2019ء) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں تعمیر و ترقی، سیاحت کا فروغ، تعلیمی نظام کی بہتری اور تعلیمی انفراسٹرکچر کو مستحکم بنانا اور لوگوں کو صاف پانی کی سہولیات مہیا کرنا موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع پونچھ حلقہ نمبر 4کے عوامی وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ہے وفد کی قیادت مسلم لیگ (ن) حلقہ 4کے صدر سردار عاشق حسین کر رہے تھے۔

وفد میں سابق چیئرمین یونین کونسل ریاڑہ سردار جہانگیر خان ، حلقہ 4پاکستان مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکرٹری سردار شاہد لطیف، سردار توصیف خان ، سردار وسیم عاشق، سردار عبد الجبار، سردار نصیر جنت شامل تھے۔

(جاری ہے)

صدر گرامی نے وفد کو بتایا کہ انہوں نے آزادکشمیر میں سیاحتی راہداری کو مزید فروغ دینے کے لئے تھوراڑ، لاگریاٹ، بیٹری، کھیریاں، داتوٹ کو بھی شامل کئے جانے کی ہدایات دی ہیں اسی طرح ناگشیر ،مرشد آباد، نیریاں، تراڑ کھل کو بھی ٹورازم کوریڈور میں شامل کیا گیا ہے۔

صدر مسعود خان نے وفد کو بتایا کہ انہوں نے 40کروڑ روپے کی لاگت سے راولاکوٹ واٹر ورکس منصوبہ منظور کروایا ہے جس پر انشاء اللہ ایک ہفتے بعدکام شروع ہو جائے گا۔ اس منصوبے کی تکمیل سے راولاکوٹ شہر کے باشندوں کو درپیش پانی کی قلت کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔ وفد نے صدر کو حلقہ 4کا تفصیلی دورہ کرنے کی دعوت دی۔ صدر نے یقین دہانی کرائی کہ وہ بہت جلد حلقہ 4کا دورہ کریں گے اور عوامی وفود سے ملاقاتیں اور مختلف جگہوں پر اجتماعات سے خطاب بھی کریں گے۔

جس میں بالخصوص ریاڑہ، پاچھیوٹ، بنگوئیں اور دیگر علاقے شامل ہونگے۔ صدر نے کہا کہ اُن کا دل عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ہے اور وہ جہاں بھی ہونگے لوگوں کی خدمت کرتے رہیں گے اور ان کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ وفد نے صدر گرامی کا شکریہ ادا کیا کہ ان کی طرف سے منظور کی جانے والی رابطہ سڑکوں اور پانی کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں