اورسیز پاکستانیز ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں،صدر آزاد کشمیر

آزادکشمیر اپنے مثالی امن و امان اور کاروبار کے لئے سازگار ماحول کی وجہ سے سرمایہ کاری کا مرکز بننے کی پوری صلاحیت رکھتا ہے،سردار مسعود خان

جمعرات 24 جنوری 2019 17:44

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2019ء) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے سمندر پار پاکستانیوں اور کشمیریوں کو آزادکشمیر میں سیاحت، توانائی اور قیمتی جڑی بوٹیوں کے شعبہ میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ آزادکشمیر اپنے مثالی امن و امان اور کاروبار کے لئے سازگار ماحول کی وجہ سے سرمایہ کاری کا مرکز بننے کی پوری صلاحیت رکھتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اورسیز پاکستانیز انوسٹمنٹ کنونشن کے ایک تین روکنی وفد سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اورسیز انوسٹمنٹ کنونشن کے صدر غلام مصطفی کی قیادت میں وفد نے کشمیر ہائوس اسلام آباد میں صدر آزادکشمیر سے جمعرات کے روز ملاقات کی۔ صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور آزادکشمیر کے وزیر اعظم راجہ فاروق حیدرخان کی بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور کشمیریوں سے بہت توقعات ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ اورسیز پاکستانیز ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کی حکومت بیرون ملک مقیم کشمیریوں کو آزادکشمیر میں سرمایہ کاری کرنے کے لئے بہتر سہولتیں مہیا کرنے کی غرض اورسیز انوسٹمنٹ کمیشن قائم کیا ہے جو فعال ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سرمایہ کاری کے بغیر آزادکشمیر اور پاکستان کو ترقی، خوشحالی اور خودانحصاری کی راہ پر نہیں ڈالا جا سکتا اور سب سے بہتر سرمایہ کاری بیرون ملک آباد کشمیری اور پاکستانی ہی کر سکتے ہیں کیونکہ ان کے دلوں میں ملک کی محبت اور ترقی کے لئے درد موجود ہے۔

صدر آزادکشمیر نے کہا کہ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی تاریخ بتاتی ہے کہ انہیں ترقی کی راہ پر ڈالنے میں بیرون ممالک مقیم شہریوں کا بنیادی کردار تھا۔ صدر آزادکشمیر نے وفد کو حکومت آزادکشمیر کی طرف سے بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ آزاد ریاست میں سیاحت، توانائی، معدنیات، صنعت اور ادویات سازی میں استعمال ہونے والی قیمتی جڑی بوٹیوں کے شعبہ جات میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور ان شعبوں میں سرمایہ کاری کے خواہشمند افراد کو حکومت اور حکومتی اداروں کا مکمل تعاون حاصل ہو گا۔

انہوں نے مارچ میں اسلام آباد میں اورسیز انوسٹمنٹ کنونشن کی دعوت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کنونشن کے منتظمین کو ہر قسم کے تعاون کا یقین دلایا۔ قبل ازیں صدر آزادکشمیر کو اورسیز انوسٹمنٹ کنونشن کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے وفد کے سربراہ غلام مصطفی نے بتایا کہ 17مارچ کو کنونشن سنٹر اسلام آباد میں ہونے والے سرمایہ کاری کنونشن میںٹورازم، انرجی، رئیل اسٹیٹ، انڈسٹری اور زراعت کے شعبوں کے علاوہ ٹیلی کام اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے خواہشمند سینکڑوں پاکستانی اور کشمیری سرمایہ کار شرکت کریں گے۔ انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ کنونشن کے موقع پر پاکستان کے چاروں صوبوں کے ساتھ آزادکشمیر کا بھی علیحدہ پویلین ہونا چاہیے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں