وزیراعظم آزادکشمیر نے لائن آف کنٹرول کیلئے 6 جدید ایمبولینسز محکمہ صحت عامہ کے حوالے کر دیں

40ایمبولینسز کی مرمت کیلئے بھی فنڈز محکمہ صحت کو فراہم کردیئے گئے ایل او سی پر صحت کی ہمہ وقتی سہولیات کی فراہمی کیلئے محکمہ صحت بھرپور استعداد کار کیساتھ کام کرے ،کفایت شعاری ،بہترین مالیاتی نظم وضبط کی بدولت آج حکومت مالیاتی طورپر خودکفیل ہے، محمد فاروق حیدر

پیر 18 مارچ 2019 17:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2019ء) وزیراعظم آزادکشمیر نے لائن آف کنٹرول کے لیے 6 عدد نئی جدید قسم کی ایمبولینسز محکمہ صحت عامہ کے حوالے کر دیں جبکہ 40ایمبولینسز کی مرمت کے لیے بھی فنڈز محکمہ صحت کو فراہم کیے جاچکے ہیں جس میں سے بیشتر کی مرمت کر لی گئی ہے۔اس حوالے سے باضابطہ تقریب جموں کشمیر ہاوس اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمدفاروق حیدر خان ،وزیر صحت ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان ،سیکرٹری صحت ،ڈائریکٹر جنرل صحت عامہ و متعلقہ اضلاع کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسران سمیت دیگر حکام نے شرکت کی ۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر صحت کی ہمہ وقتی سہولیات کی فراہمی کے لیے محکمہ صحت اپنی بھرپور استعداد کار کے ساتھ کام کرے ،موجودہ حکومت کی کفایت شعاری اور بہترین مالیاتی نظم وضبط کی بدولت آج حکومت مالیاتی طورپر خودکفیل ہے اور اوور ڈرافٹ پر نہیں چل رہی ،اللہ رب العزت کا شکر ادا کرتے ہیں کہ دستیاب وسائل کو عوام کی بہتری اور فلاح وبہبود کے لیے استعمال کررہے ہیں معاشی خود کفالت کی منزل حاصل کرنے پرسابق وزیر اعظم پاکستان محمد نوازشریف ،شاہد خاقان عباسی ،مفتاح اسماعیل ،سابق چیف سیکرٹری اور سیکرٹری مالیات کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے یہ اہم سنگ میل عبورکر نے میں ہماری بھرپور معاونت کی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام ادارے اور محکمہ جات مالیاتی ڈسپلن پر سختی سے عملدرآمد کریں اوراپنے اہداف پورے کریں لائن آف کنٹرول کے اوپر ابتدائی طبی امداد اور علاج معالجے ،ادویات کی فراہمی اور سٹاک یقینی بنایا جاے ،مقامی تربیت یافتہ افراد کی خدمات حاصل کی جائیں ۔وزیراعظم کو سیکرٹری صحت کی جانب سے بتایا گیا کہ حکومتی ہدایات کی روشنی میں بی ایچ یو کا تمام ریکارڈ کیمپوٹرائزڈ کیا جارہا ہے اور آن لائن سسٹم کے ذریعے روزانہ کی بنیاد پر اس کی کارکردگی چیک کی جائیگی اور بتدریج یہ سلسلہ تحصیل ہیڈ کوآرٹرہسپتال اور پھر ضلعی ہیڈ کوآرٹر ہسپتالوں تک لیجایا جائیگا ۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے ہدایت کی کہ ایمبولینسز کو صرف اور صرف مختص شدہ مقاصد کے لیے ہی استعمال کیا جائے اور اس ضمن میں اگر کوئی شکایت سامنے آئی تو اس پر سخت کارروائی ہو گی ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں