یورپین پارلیمنٹ میں اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کی رپورٹ پر سماعت سے کشمیریوں کی آواز پوری دنیا میں سنائی دے رہی ہے ،راجہ محمد فاروق حیدرخان

یورپین پارلیمنٹ کی سب کمیٹی میں مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی کلاف ورزیوں پر سماعت ایک بڑا بریک تھرو اور کامیابی ہے ،وزیراعظم آزاد کشمیر کی یورپین پارلیمنٹ کے وفد سے بات چیت

پیر 25 مارچ 2019 17:34

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2019ء) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہا ہے کہ یورپین پارلیمنٹ میں اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کی رپورٹ پر سماعت سے کشمیریوں کی آواز پوری دنیا میں سنائی دے رہی ہے جس پر اس سماعت کے محرک واجد خان ایم ای پی اور یورپین پارلیمنٹ میں انسانی حقوق کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر اینٹینو پانیزری اہل کشمیر کی طرف سے خراج تحسین کے مستحق ہیں ۔

وہ یہاں ممبر یورپین پارلیمنٹ واجد خان اورجموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت کے چئیرمین راجہ نجابت حسین اور تحریک کے دیگر عہدے داران کے ایک وفد سے بات چیت کر رہے تھے۔ واجد خان ایم ای پی اور راجہ نجابت حسین نے وزیر اعظم آزاد کشمیر سے مقبوضہ جموں وکشمیر کی تازہ ترین صورت حال اور مستقبل کی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیالات کیا۔

(جاری ہے)

تحریک حق خود ارادیت کے سیکرٹری جنرل محمد اعظم خان ،تحریک حق خودارادیت نارتھ انگلینڈ کی چئیرپرسن محترمہ نائلہ شریف اور سابق لارڈ مئیر بریڈ فورڈ چوہدری اورنگ زیب بھی وفد میں شامل تھے۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یورپین پارلیمنٹ کی سب کمیٹی میں مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی کلاف ورزیوں پر سماعت ایک بڑا بریک تھرو اور کامیابی ہے جس میں یورپ اور برطانیہ میں کام کرنے والے کشمیری تنظیموں کے رہنمائوں اور عہدے داروں کا بنیادی کردار ہے جنہون نے ہر مرحلہ پر کشمیریوں کی آواز کو ان ایوانوں تک پہچانے میں بڑی جدو جہد کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر لوگ کشمیریون کی بات کو زیادہ توجہ سے سنتے ہیں یہی وجہ ہے کہ ہم اس بات پر زور دے رہے ہیں کہ آزاد کشمیر حکومت اور حریت کانفرنس کا کشمیر پر بات کرنے کے لئے کردار متعین کیا جانا چاہے۔انہون نے کہا کہ کشمیری تارکین وطن جدو جہد آزادی کشمیر کے سفیر کی حیثیت رکھتے ہیں، ان کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ برطانیہ اور یورپ میں عام انتخابات کے دوران کشمیری اور پاکستانی تارکین وطن کو مضبوط اور موثر حکمت عملی کے ساتھ لابی کرنی چاہے اور اپنے ووٹ کا استعمال کرتے وقت اپنے اس عمل کو کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت سے مشروط کرنا چاہے۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان مقبوضہ جموں وکشمیر میں اپنے غاصبانہ تسلط اور وہاں کے حریت پسند عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کی وجہ سے پوری دنیا میں بے نقاب ہو رہا ہے،ملاقات کے دوران وزرا حکومت کرنل( ر) وقار نور ، احمد رضا قادری اور ڈی جی کشمیر لبریشن سیل فدا حسین کیانی بھی موجود تھے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں