مقبوضہ کشمیر میں موبائل فون سروس کی بحالی اور بعض علاقوں سے کرفیو ختم کرنے کا بھارتی دعویٰ بے بنیاد اور پراپیگنڈہ ہے، سید یوسف نسیم

منگل 15 اکتوبر 2019 18:46

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2019ء) مقبوضہ وادی کشمیر میں موبائل فون سروس کی بحالی اور بعض علاقوں سے کرفیو ختم کرنے کا بھارتی دعویٰ بے بنیاد اور پراپیگنڈہ ہے، گزشتہ 72 دن سے کشمیری عوام ایک بڑی جیل میں مقیم ہیں۔ عالمی ادارے ان کے انسانی حقوق کی بحالی کے لئے اقدامات کریں۔ پاکستان میں مقیم مقبوضہ وادی سے تعلق رکھنے والے آل پارٹیز کانفرنس کے رہنما سید یوسف نسیم نے ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے انتہائی قریبی عزیز اور رشتہ دار سری نگر اور دیگر علاقوں میں رہائش پذیر ہیں، موبائل فون سروس بحالی کے بھارتی دعویٰ کے بعد انہوں نے درجنوں نمبر ڈائل کئے لیکن مقبوضہ وادی میں اپنے کسی ایک عزیز سے بھی رابطہ نہیں ہوا۔

سید یوسف نسیم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں صورتحال ہر روز بد سے بد تر ہو رہی ہے، اربوں روپے مالیت کی سیب کی فصل تباہ ہو گئی ہے جس سے تیس فیصد کشمیریوں کا معاشی مفاد وابستہ تھا۔

(جاری ہے)

اب بعض علاقوں میں خوراک کی کمی کا بھی سامنا ہو سکتا ہے جبکہ پوری وادی میں ادویات ناپید ہیں اور مریضوں کا علاج ناممکن ہو گیاہے۔ مکمل ناکہ بندی ہے، ان حالات میں عالمی برادری اور اقوام متحدہ جیسے اداروں کا فرض ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں اور نوے لاکھ کی آبادی کے انسانی حقوق کی بحالی کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں