سرمایہ کار آزاد کشمیر میں کاروبار کے لیے موافق ماحول کا فائدہ اٴْٹھاتے ہوئے سرمایہ کاری کریں‘ آزاد کشمیر کو معاشی اعتبار سے مضبوط بنانا اور عوام کے معیار زندگی کو بلند کرنا بھی تحریک آزاد ی کشمیر کی خدمت ہے، صدر سردار مسعود خان

پیر 27 جنوری 2020 16:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جنوری2020ء) آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے پاکستان کی کاروباری تنظیموں اور سرمایہ کاروں پر زور دیا ہے کہ وہ آزاد کشمیر میں کاروبار کے لیے موافق ماحول کا فائدہ اٴْٹھاتے ہوئے آزاد علاقے میں سرمایہ کاری کریں‘ آزاد کشمیر کو معاشی اعتبار سے مضبوط بنانا اور عوام کے معیار زندگی کو بلند کرنا بھی تحریک آزاد ی کشمیر کی خدمت ہے۔

ان خیالات کا اظہار اٴْنہوں نے جموں و کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں پاکستان بزنس فورم کے چیئرمین کاشف چوہدری کی قیادت میں تاجروں کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ آزاد کشمیر حکومت نے ریاست میں سرمایہ کاری کے فروغ اور سرمایہ کاروں کو ریاست کے اندر سرمایہ کاری کرنے کی طرف سے راغب کرنے کے لیے ایک لبرل اور کاروبار دوست پالیسی اپنائی جس کے تحت کاروباری حضرات کومختلف مراعات دی جا رہی ہیں جن سے استفادہ کیا جانا چاہیے۔

(جاری ہے)

اٴْنہوں نے کہا کہ پاکستان کے تاجر سونے کی کان پر بیٹھے ہوئے اور اگر وہ دور بینی اور دور اندیشی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مستقبل کی منصوبہ بندی کریں تو وہ نہ صرف ذاتی کاروبار کو بڑھا کر اسے وسیع پیمانے پر منافع بخش بنا سکتے ہیں بلکہ ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر بھی ڈال سکتے ہیں۔ اٴْنہوں نے کہا کہ ریاست کے اندر کارخانے اور فیکٹریاں قائم کرنے کے لیے اگرچہ غیر ریاستی باشندوں کے لیے زمین کی خریدو فروخت پر پابندی ہے لیکن حکومت خواہشمند سرمایہ کاروں کو زمین لیز پر دینے کے لیے سہولتیں مہیا کرنے کے لیے تیار ہے۔

اٴْنہوں نے کہا کہ پاکستانی اور غیر ملکی سرمایہ کار مقامی پارٹنر شپ کے اٴْصول کے تحت زمین حاصل کر کے سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔ صدر سردار مسعود خان نے تاجروں پر زور دیا کہ وہ شہروں، مارکیٹوں اور گلیوں کو صاف ستھرا رکھنے اور انہیں ماحولیاتی آلودگی سے پاک رکھنے میں بھی اپنا کردار ادا کریں اور شہروں اور مارکیٹوں کو اٴْسی طرح صاف ستھر ا رکھیں جیسے وہ اپنے گھروں کو صاف رکھتے ہیں۔

اٴْنہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری اور سیاحت کو فروغ دینے کے لیے حکومت بنیادی انفراسٹرکچر کی تعمیر پر بھرپور توجہ دے رہی ہے تاکہ ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کار توانائی، سیاحت، ذراعت، کمپیوٹر ٹیکنالوجی، مینو فیکچرنگ سیکٹر اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے آزاد علاقے کا رخ کر سکیں۔ اٴْنہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ جب آزاد کشمیر ترقی کرے گا تو پاکستان ترقی کرے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں