سمندر پار کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اُجاگر کرنے کے علاوہ کشمیر ی عوام اور عالمی برادری کے درمیان پل کا کردار ادا کیا ہے

صدرآزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان کی تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر فہیم احمد کیانی اورکشمیری رہنما الطاف احمد بٹ سے گفتگو

پیر 17 فروری 2020 20:31

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2020ء) آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ سمندر پار کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اُجاگر کرنے کے علاوہ کشمیر ی عوام اور عالمی برادری کے درمیان پل کا کردار ادا کیا ہے ۔پیرکویہاں تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر فہیم احمد کیانی اور کشمیری رہنما الطاف احمد بٹ سے کشمیر ہائوس اسلام آباد میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ کشمیری کمیونٹی نے برطانیہ میں بالخصوص اور یورپ اور جنوبی امریکہ میں بالعموم مسئلہ کشمیر کو اس کے درست تناظر میں اُجاگر کرنے اور بین الاقوامی سول سوسائٹی ، پارلیمانی قوتوں اور میڈیا کو اس مسئلے کے ساتھ جوڑنے میں تاریخ ساز کردار ادا کیا ہے جس کے لیے ہم کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی کے شکر گزار ہیں ۔

(جاری ہے)

مقبوضہ جموں و کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے سردار مسعود خان نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگ گزشتہ چھ ماہ سے زیادہ عرصے سے اپنی گھروں کے اندر قید ہیں جبکہ نوجوانوں کو مختلف حیلوں بہانوں یا تو قتل کیا جار ہا ہے یا گرفتار کر کے جیلوں میں بند کیا جا رہا ہے ۔ اسی طرح سے مقبوضہ ریاست میں خواتین کے بے حرمتی کی جارہی ہے اور اس ظلم و بربریت کے خلاف احتجاج کرنے والے نوجوانوں کو پیلٹ گنوں کے استعمال سے آنکھوں کی بصارت سے محروم کیا جا رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آزادی کی فضا میں سانس لینے والے آزاد کشمیر اور پاکستان کے لوگوں اور دنیا بھر میں انسانیت اور انسانی قدروں پریقین رکھنے والوں پر فرض ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں غلامی کی بیڑیوں میں جکڑے اپنے بھائیوں اور بہنوں کے لیے آواز اُٹھائیں اور اُنہیں بدترین ظلم سے نجات دلانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں ۔ صدر آزاد کشمیر نے تحریک کشمیر کی طرف سے برطانوی پارلیمنٹ اور برطانیہ کے شہر کووینٹری میں دو کامیاب ترین کانفرنسیں کروانے پر تحریک کے صدر فہیم کیانی کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ برطانوی پارلیمنٹ میں کشمیر کانفرنس میں پچاس سے زیادہ ارکان پارلیمنٹ نے شرکت کی اور اس کانفرنس کے ذریعے مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی پامالیوں کو اُجاگر کیا گیا ۔

صدر سردار مسعود خان سے بعد ازاں برطانیہ کی لیبر پارٹی کی ایگزیکٹو کمیٹی کی رکن کونسلر یاسین ڈار اور جموں و کشمیر تحریک خود ارادیت انٹرنیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین نے بھی علیحدہ ملاقات کی اور اُن سے مسئلہ کشمیر کے مختلف پہلوئوں پر تبادلہ خیال کیا ۔ راجہ نجابت حسین نے اس موقع پر صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان کو اُن سرگرمیوں سے آگاہ کیا جو اُن کی تنظیم برطانیہ اور دیگر ممالک میں کشمیریوں کے حق خود ارادیت اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کو بے نقاب کرنے کے لیے کر رہی ہے۔

صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی اپنی صلاحیتوں اور وسائل کو یکجا کر کے کشمیریوں کے لیے کام کریں ۔اُنہوں نے برطانیہ کی کشمیری کمیونٹی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ برطانوی کشمیریوں کی تعداد وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ نہ صرف کئی گنا ہو چکی ہے بلکہ وہ برطانوی سیاست میں بھی ایک موثر کردار ادا کر رہے ہیںجو ہمارے لیے قابل فخر بات ہے ۔

اُنہوں نے میزبان ممالک کے شہریوں کی طرف سے پاکستانی کمیونٹی کے اُوپر اعتماد اور عزت کو کشمیر اور پاکستان کا قابل فخر سرمایہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں اور پاکستانیوں نے محنت ، ذہانت اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کے باعث یہ مقام حاصل کیا ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ کشمیر کمیونٹی کی محنت کا نتیجہ ہے کہ آج برطانیہ کی لیبر پارٹی نے مسئلہ کشمیر کو اپنے انتخابی منشور کا حصہ بنا لیا ہے ۔

اپنے دور ہ ملائیشیا کاحوالہ دیتے ہوئے صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ ہمیںملائیشیا کی قیادت کی طرف سے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے غیر معمولی حمایت مل رہی ہے جس کے لیے ہم ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد ، ملائیشیا کی حکومت اور عوام کی طرف سے مسئلہ کشمیر پر غیر متزلزل موقف اختیار کرنے پر شکر گزار ہیں ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں