کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ کی طرز پر مزید ادارے بنا کر سماجی ترقی کے عمل کو آگے بڑھانا چاہیے، سردار مسعود خان

پیر 17 فروری 2020 20:39

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2020ء) آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ (کورٹ) نے انسانی خدمت کا جو ماڈل متعارف کروایا ہے اُس کو مثال بنا کر پوری ریاست میں ایسے مزید ادارے بنا کر سماجی ترقی کے عمل کو آگے بڑھانا چاہیے ۔ یہ بات اُنہوں نے کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ کے بانی اور سربراہ چوہدری محمد اختر سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

اُنہوں نے کہا کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ نے اپنے قیام کے بعد مختصر عرصہ میں معاشرے کے غریب اور نادار افراد کی خدمت کی جو درخشاں روایت قائم کی ہے اُس کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ اس تنظیم کی کامیابی کی وجہ اس کے بانی چوہدری محمد اختر کی محنت اور مقصد کے ساتھ غیر متزلزل وابستگی ہے ۔

(جاری ہے)

میرپور میں آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں کے یتیم بچوں کے لیے تعلیم و تربیت کی جدید سہولتوں سے آراستہ ایجوکیشن کمپلیکس کے قیام کو سراہتے ہوئے صدر آزاد کشمیر نے اس توقع کا اظہار کیا کہ کورٹ اپنے تعلیمی اداروں میں جدید تعلیمی ٹیکنالوجی کو متعارف کرائے گی تاکہ معاشرے کے غریب اور متوسط طبقے کو بھی جدید ٹیکنالوجی سے مکمل آگاہی حاصل ہو سکے۔

اُنہوں نے کہا کہ پاکستان اور آزاد کشمیر کو جدید ٹیکنالوجی کا گہوارہ بنانا ہو گا تاکہ ملک کو معاشی اور اقتصادی ترقی کی بلندی پر لے جایا جا سکے ۔ صدر آزاد کشمیر نے کورٹ کے سربراہ سے اپیل کی کہ وہ اور اُن کی تنظیم میرپور اور راولاکوٹ میں نرسنگ کالج قائم کرنے میں حکومت کی مدد کریں تاکہ نرسنگ کے شعبہ میں نوجوانوں کو تربیت دے کر صحت کے سیکٹر میں نرسنگ سٹاف کی کمی کو پورا کرنے کے علاوہ نوجوانوں کو روزگار کے با عزت مواقع بھی فراہم کیے جا سکیں ۔ قبل ازیں کورٹ اور اس کی سماجی سر گرمیوں کے بارے میں صدر آزاد کشمیر کو بریفنگ دی گئی ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں