اولیاء کرام کے مشن کی تکمیل کے لئے دلوں میں نفرتیں دور کرنے کی ضرورت ہے،وزیر اعظم آزاد کشمیر

اولیا ء کرام کی تعلیمات ہمارے لیے مشعل راہ ہیں، حقوق العباد کی ادائیگی اور انسانیت دوستی کے فروغ کے لیے اولیا ء کرام کا کردار ناقابل فراموش ہے،راجہ محمد فاروق حیدر

منگل 25 فروری 2020 18:07

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 فروری2020ء) وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہا ہے کہ اولیاء ا للہ کا راستہ جسمانی و روحانی بالیدگی کا راستہ ہے ۔ قرب الٰہی کے حصول اور نبی کریم ؐکی ذات اقدس سے عقیدت نبھانے کے لیے غوث اعظم نے اپنی ساری زندگی وقف کردی تھی، ان کے نقش قدم پر چل کر ہی ہر بندہ مومن کامل بن سکتا ہے۔

آج ریاست مدینہ کی بات کرتے ہیں لیکن ہم عمل سے عار ی ہیں۔ شیخ عبد القادر جیلانی کی ذات سے کشمیری بہت پیار کرتے ہیں ۔ اولیاء کرام کے مشن کی تکمیل کے لئے دلوں میں نفرتیں دور کرنے کی ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز بری امام سرکار پر غوث اعظم کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ کانفرنس کے مہمان خصوصی الشیخ السید خالد عبد القادرمنصورالدین جیلانی سجادہ نشین دربار عالیہ غوث اعظم تھے۔

(جاری ہے)

تقریب سے وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے بھی خطاب کیا۔وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہاکہ اولیا اللہ کی تعلیمات ہدایت کا سر چشمہ ہیں، اولیاء کرام نے برداشت ، تحمل ، صبر اور روادداری کا درس دیا ، ہمیں تفریق سے بالاتر ہو کر انسانیت کی فلاح وبہبود اور امن و محبت کے فروغ کیلئے اولیا کے درس پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے ۔ آج دنیا بھر میں دین اسلام کے خلاف نفرت اور اسلامو فوبیا کی جو لہر چل رہی ہے اسلام کی حقیقی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کرہی اس کا رخ موڑا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ کشمیر کے تقریباً ہر گھر میں حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی کیلئے کمرہ مختص ہے ۔ وزیر اعظم آزدکشمیر نے کہا کہ الیاء کرام کی تعلیمات کو جب تک ہم اپنی زندگیوں پر لاگو نہیں کرتے اس وقت تک ہم ان کے پیروکار مکمل طور پر نہیں بن سکتے۔ اولیا ء کرام کی تعلیمات ہمارے لیے مشعل راہ ہیں ۔انہوں نے کہاکہ برصغیر پاک وہند میں مشائخ عظام کے ذریعے لوگ اسلام سے آشنا ہوئے اور باطل مذاہب کو چھوڑکر دین اسلام قبول کیا۔

اولیاء کرام کی تعلیمات اور فیض سے لوگ رہتی دنیا تک مستفید ہوتے رہیں گے۔ا نہوں نے کہا۔ انہوں نے کہاکہ حقوق العباد کی ادائیگی اور انسانیت دوستی کے فروغ کے لیے اولیا ء کرام کا کردار ناقابل فراموش ہے۔ انہوں نے کہاکہ اللہ تعالی ہمیں صراط مستقیم پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں