پی ٹی آئی کشمیر کا سونامی آزاد کشمیر میں پورے شد ومد سے داخل ہو چکا ہے،

وزیر اعظم عمران خان نے کشمیریوں کے سفیر ہونے کا حق ادا کیا ہے، پی ٹی آئی کشمیر سب سے بڑی سیاسی قوت بن چکی ہے پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا سردار مظہر چغتائی اور دیگر سیاسی رہنمائوں کی شمولیتی تقریب سے خطاب

بدھ 23 ستمبر 2020 20:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2020ء) پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے پونچھ ڈویژن سے بھی اپوزیشن کی وکٹیں گرانا شروع کر دیں۔ سردار مظہر چغتائی جنرل سیکرٹری مسلم کانفرنس حلقہ LA 17 پونچھ 1 عباسپور، سردار زبیر خان سنیئر نائب صدر مسلم کانفرنس حلقہ عباسپور، سردار جنید کبیر چغتائی ایڈووکیٹ مسلم کانفرنس،سید بابر گیلانی مسلم کانفرنس، سردار راشد شاہین سینئر رہنما پی پی پی، منشی ظفیر مسلم کانفرنس جمشید گوہر مسلم گوہر، سید شکیل گیلانی ن لیگ اور دیگر درجنوں افراد کا (ن) لیگ، پی پی پی،مسلم کانفرنس کو چھوڑ کر صدر تحریک انصاف آزادکشمیر بیر سٹر سلطان محمود چوہدری اور مرکزی جوائنٹ سیکرٹری پاکستان تحریک انصاف سردار عبدالقیوم نیازی کی قیادت میں مرکزی سیکرٹریٹ تحریک انصاف کشمیر گلبرگ اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب میں تحریک انصاف کشمیر میں شامل ہوگئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پرتقریب سے خطاب کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے پی ٹی آئی کشمیر میں نئے شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کشمیر کا سونامی اب آزاد کشمیر میں پورے شد ومد سے داخل ہو چکا ہے اور آزاد کشمیر میں عوام جوق در جوق پی ٹی آئی کشمیر کے پلیٹ فارم پر جمع ہو رہے ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان نے کشمیریوں کے سفیر ہونے کا حق ادا کیا ہے اور دنیا میں ہر فورم پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا ہے اسلئے لوگ وزیر اعظم عمران خان کے وژن سے متاثر ہو کر پی ٹی آئی کشمیر میں شامل ہو رہے ہیں۔پی ٹی آئی کشمیر اسوقت آزاد کشمیر کی سب سے بڑی سیاسی قوت بن چکی ہے۔ پی ٹی آئی کشمیر بھاری اکثریت سے انتخابات جیت کر آزاد کشمیر میں حکومت بنائے گی اور عوام کو انکے حقوق دلوانے اور انکے مسائل کے حل کرانے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔

وفاقی حکومت کے تمام پراجیکٹس جن میں انصاف ہیلتھ کارڈ، احساس پروگرام اور دیگر پراجیکٹس شامل ہیں وہ آزاد کشمیر میں دئیے جائیں گے تاکہ آزاد کشمیر کے عوام کا معیار زندگی بہتر ہو سکے۔پی ٹی آئی کشمیر آزاد کشمیر سے کرپشن اور تعصب کی سیاست کا خاتمہ کرے گی اور ایک ایسی حکومت کا قیام عمل میں لایا جائے گا جو عوام کی فلاح و بہبود کو اپنا شعار بنائے گی۔

اس موقع پر پی ٹی آئی کشمیر کے مرکزی جوائنٹ سیکریٹری عبدالقیوم نیازی، پی ٹی آئی کشمیر کے سابق مرکزی سیکرٹری اطلاعات سردار امتیاز خان اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر پی ٹی آئی کشمیر کے مرکزی جوائنٹ سیکریٹری عبدالقیوم نیازی نے اپنے خطاب میں کہا کہ آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی کشمیرکے اقتدار کا سورج انشاء اللہ طلوع ہونے کو ہے پی ٹی آئی کشمیر حکومت میں آکر عوامی خدمت کو اپنا نصب العین بنائے گی۔

دریں اثناء سینئر نائب صدر مسلم کانفرنس ضلع پونچھ حلقہ ایل اے 5 پونچھ یونین کونسل ہورنا میرہ سابق سیکٹری جنرل راولاکوٹ بار ایسوسی ایشن سردار امجد نسیم ایڈوکیٹ,سردار امجد صیاد،سنگھڑ سے صوبیدار اقبال خان,اوصاف خان کی صدر پی ٹی آئی بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے ملاقات اور پی ٹی آئی کشمیر میں شمولیت کا اعلان کیا۔اس موقع پر سابق مشیر حکومت وسیکرٹری اطلاعات سردار امتیاز خان,مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سکندر بیگ,صدر ضلع پونچھ سردار اورنگ زیب خان,سردار ماجد شریف,ریاض شاہد ایڈوکیٹ,سردار نثار عزیز,فیصل الطاف سمنون اصغر,جمال لطیف و دیگر بھی موجود تھے۔

اس موقع پرآزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے پی ٹی آئی کشمیر میں شمولیت اختیار کرنے والوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ عوامی خدمت کا جو جذبہ لے کر پی ٹی آئی کشمیر میں شامل ہوئے ہیں آپ لوگوں کو مایوسی نہیں ہو گی اور آپ کو پارٹی میں جائز مقام دیا جائے گا۔ وزیر اعظم عمران خان کے وژن کو آگے بڑھانے کے لئے آپ لوگ ہمارا ساتھ دیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں