یوم سیاہ کے موقع پر دنیا بھر میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں

منگل 27 اکتوبر 2020 18:33

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اکتوبر2020ء) دنیا کی توجہ جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کی طرف مبذول کرانے کے لئے آزاد کشمیر ، پاکستان اور دنیا بھر میں بھارت کے خلاف احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے زیر اہتمام اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے بھارت مخالف مظاہرے میں مقررین نے کہا کہ بھارت غیر قانونی طورپر اپنے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے اپنے مذموم ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لئے نوآبادیاتی قوانین نافذ کررہا ہے۔

تحریک استقلال ، ینگ مینز لیگ ، پاسبانِ حریت اور پیر پنجال فریڈم موومنٹ کے زیر اہتمام آزاد کشمیر کے علاقوں مظفرآباد ، اٹھمقام، ہٹیاں بالا اور باغ میں بھی بھارت کے خلاف مظاہرے ہوئے۔

(جاری ہے)

دریں اثناء تحریک کشمیر برطانیہ نے برمنگھم میں بھارتی قونصل خانے اور لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے کشمیر ڈیجیٹل مہم کا آغاز کردیا۔ہاتھوں میںپلے کارڈز اٹھائے مہم کے شرکاء نے جموں و کشمیر پر غیرقانونی بھارتی قبضے کے خلاف نعرے بلند کئے۔

شرکاء سے دیگر لوگوں کے علاوہ آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان اور کشمیری رہنما الطاف احمد بٹ نے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا۔ادھرکشمیر کونسل یورپ کے زیر اہتمام منعقدہ ایک ویبنار میں مقررین نے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں کوغیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموںوکشمیر تک رسائی دینے کا مطالبہ کیاتاکہ وہ وہاں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال کا جائزہ لے سکیں۔ آن لائن ویبنار میں متعدد ماہرین ، دانشوروں اور سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں