عمران خان جسے بھی آزاد کشمیر کا وزیراعظم بنائیں گے، قبول ہوگا،بیرسٹر سلطان محمود

کوئی نمبر گیمز نہیں، سب متحد ہیں،فیصلوں کا اختیار وزیراعظم عمران خان کو دیا ہے،جو ٹاسک دیئے جا رہے ہیں،انہیں پورا کرینگے، آزاد کشمیر میں سیاحت سمیت دیگر شعبوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے،پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے رہنمائوں کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 29 جولائی 2021 21:16

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2021ء) پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ عمران خان جسے بھی آزاد کشمیر کا وزیراعظم بنائیں گے، قبول ہوگا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر سلطان محمود نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا ہر فیصلہ قبول ہوگا، عمران خان جسے بھی آزاد کشمیر کا وزیراعظم بنائیں گے، قبول ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ کوئی نمبر گیمز نہیں، سب متحد ہیں،فیصلوں کا اختیار وزیراعظم عمران خان کو دیا ہے۔سردار تنویر الیاس نے کہا کہ پارٹی میں مختلف امور پر مشاورت جاری ہے، مخصوصی نشستوں پر مشاورت ابھی ہو رہی ہے، اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر سمیت دیگر عہدوں پر انتخاب ہونا ہے۔انہوں نے کہاکہ ہمیں جو ٹاسک دیئے جا رہے ہیں،انہیں پورا کریں گے ،پارٹی کے چیئرمیں جسے جو ذمہ داریاں دیں گے،پوری کریں گے ،ہم پارٹی کے ورکرز ہیں،جو اسائمنٹ ملی پوری ہوگی ۔

(جاری ہے)

خواجہ فاروق نے کہاکہ راجہ فاروق حیدر کے الزامات بے بنیاد ہیں،وہ تو اپنے حلقے سے بھی نہیں جیت سکتے تھے۔انہوں نے کہاکہ پارٹی چیئرمیں سے مختلف امور پر مشاورت ہوئی۔خواجہ فاروق نے کہاکہ آزاد کشمیر میں سیاحت سمیت دیگر شعبوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان پارٹی چیئرمین ہیں،جو فیصلہ کرینگے منظور ہوگا۔انہوں نے کہاکہ آج (جمعرات کو)ہونے والے اجلاس میں خصوصی نشستوں کے معاملے پر مشاورت ہوئی،ہماری خواہش ہے کہ وزیراعظم عمران خان 5 اگست کو قانون ساز اسمبلی سے خطاب کریں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں