صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے حریت رہنماء یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کی ملاقات

مشعال ملک نے صدر کو صدارت کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی ،مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض افواج کی طرف سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں بارے آگاہ کیا

منگل 30 نومبر 2021 23:13

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 نومبر2021ء) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے حریت رہنماء یاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک نے ایوان صدر کشمیر ہائوس میں ملاقات کی ۔ اس موقع پر مشعال حسین ملک نے صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو صدارت کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی انتہاء پسند مودی حکومت اور قابض افواج کی طرف سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مشعال حسین ملک سے یاسین ملک کی صحت کے بارے میں دریافت کیا اور انہیں بتایا کہ ہم نے یاسین ملک کی صحت اور رہائی کا معاملہ عالمی سطح پر اُٹھایا ہوا ہے۔ اس موقع پر صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ حکومت آزادکشمیر اور حریت قیادت کو مشترکہ طور پر بھارتی مظالم کو دنیا کے سامنے آشکار کرنا ہوگا تاکہ عالمی برادری بھارتی مظالم کا نوٹس لے اور بھارت کو انسانی حقوق کی پامالیوں سے روکے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں