وفاقی سیکرٹری امور کشمیر و گلگت بلتستان شیر عالم محسود کی زیر صدارت اعلی سطحی اجلاس

فروری کو اندرون و بیرون ملک مقیم پاکستانی و کشمیری عوام یوم یکجہتی کشمیر بھر پور انداز سے منائیں گے ،تمام تر انتظامات کو جلد حتمی شکل دی جائے، شیر عالم محسود

جمعرات 20 جنوری 2022 18:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2022ء) 5فروری کو یوم یکجہتی کشمیرمنانے کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے دوسرا اعلیٰ سطحی اجلاس جمعرات کو اسلام آباد میں منعقد ہوا۔اجلاس کی صدارت وفاقی سیکرٹری امور کشمیر و گلگت بلتستان شیر عالم محسود نے کی۔اجلاس میں چاروں صوبوں،آزاد کشمیر،گلگت بلتستان کے اعلیٰ احکام کے علاوہ وزارت داخلہ،خارجہ،اطلاعات و نشریات، پی آئی ڈی، پی ٹی وی، پیمرا، پی ٹی اے، لوک ورثہ، نیشنل آرٹس کونسل، ریلویز، سول ایوی ایشن، سی ڈی اے، آئی سی ٹی کے اعلیٰ احکام نے بھی شرکت کی۔

اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی سیکرٹری نے کہا کہ 5 فروری کو اندرون و بیرون ملک مقیم پاکستانی اور کشمیری عوام یوم یکجہتی کشمیر بھر پور انداز سے منائیں گے اور اس ضمن میں تمام تر انتظامات کو جلد حتمی شکل دی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے اور کشمیریوں کے حقوق کی آواز دنیا کے تمام کونوں تک پہچانا ہمارا قومی فرض ہے اور اس فرض کو ہم سب نے انتہائی ذمہ داری کے ساتھ نبھانا ہے۔

وفاقی سیکرٹری نے تمام صوبوں اور اداروں کے نمائندوں کی جانب سے یوم یکجہتی کشمیر منانے کے لئے پیش کردہ تجاویز کو سراہا اور ان پر عملدرآمد کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ان تجاویز پر عملدرآمد سے نہتے اور مظلوم کشمیری بہنوں اور بھائیوں سے یکجہتی کا پیغام ایک پرُزور انداز میں ایل او سی کے دوسری طرف پہنچایا جاسکے گا اور دُنیا کو باآور کرایا جاسکے گا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام مشکل کی اس گھڑی میں اُن کے ساتھ کھڑے ہیں۔

اجلاس میں تمام اداروں اور صوبائی حکومتوں کے نمائندوں نے اس دن کے حوالے سے ترتیب دی گئی تقریبات سے آگاہ کیا اور کہا کہ اس دن کے حوالے سے تقریبات بھرپور انداز سے منعقد کی جائیں گی۔ اجلاس میں آل پارٹیز حریت کانفرنس کے نمائندے فیض نقشبندی نے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے تیاریوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس دن پر پوری دنیا میں مقیم پاکستان اور آزاد کشمیر کے عوام کی جانب سے اپنے مقبوضہ کشمیر کے بہنوں اور بھائیوں سے اظہار یکجہتی سے ان کے حوصلے بلند ہوتے ہیں اور حق خودارادیت کے لیے کشمیری عوام کا جذبہ اور عزم مزید مستحکم ہوتا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں