واٹر شیڈ مینجمنٹ کیلئے وفاق و دیگر بینیفیشریز سمیت اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے اپنی معاونت ،امداد فراہم کریں ،بیرسٹر سلطان محمود

آزادکشمیر میں زراعت کا بڑا پوٹینشل موجود ہے،جہاں جنوب میں فصلیں پیدا ہو سکتی ہیں وہاں شمالی آزادکشمیر میں فصلوں کی پیداوار جن میں سزیوں اور پھلوں سمیت مویشی پالنے کا بھی اسکوپ موجود ہے،صدر آزاد کشمیر

بدھ 18 مئی 2022 00:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2022ء) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ واٹر شیڈ مینجمنٹ کے لئے وفاق اور دیگر بینیفیشریز سمیت اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے اس میں اپنی معاونت اور امداد فراہم کریں تاکہ آزادکشمیر کے شہروں میں ماحولیات میں بہتری لائی جا سکے اور اسی طرح عوام کو صاف پانی کی فراہمی ممکن ہو سکے جبکہ آزادکشمیر میں زراعت کا بھی ایک بڑا پوٹینشل موجود ہے جہاں جنوب میں فصلیں پیدا ہو سکتی ہیں وہاں شمالی آزادکشمیر میں فصلوں کی پیداوار جن میں سزیوں اور پھلوں سمیت مویشی پالنے کا بھی اسکوپ موجود ہے۔

جبکہ اسی طرح تعلیم اور صحت کے حوالے سے بھی اقدامات اُٹھانے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اقوام متحدہ کے پاکستان میں ریذیڈنٹ کوارڈینیٹر جولین ہارنیز(Julien Harneis)کی قیادت میں وفد سے ایوان صدر کشمیر ہائوس اسلام آباد میں تفصیلی ملاقات میں کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وفد میں اقوام متحدہ کے ادارے خوراک و زراعت کی پاکستان میں نمائندہ مس فلورنس رولی (Florence Rolle)اور ٹیم کے دیگر اراکین بھی موجود تھے۔

اس موقع پر اقوام متحدہ کے پاکستان میں ریذیڈنٹ کوارڈینیٹر جولین ہارنیز(Julien Harneis) نے کہا کہ آزادکشمیر میں پاکستان کے صوبوں کی نسبت انسانی ترقی کے اعشاریے بہتر ہیں۔ اسی طرح آزادکشمیر میں معاشی ترقی کے لئے سیاحت کا فروغ بھی لازمی حصہ ہے جس میں کام کرنے کی ضرورت ہے۔ حکومت پاکستان کی تحریک پر لیونگ انڈس بیسن (Living Indus Basin Initiative)کے نام سے ایک ماسٹر پلان بنایا ہے اور اس پر مشاورت کے لئے ہم آج یہاں صدر ریاست سے ملاقات کے لئے آئے ہیں۔

اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ ترقی کے لئے ضروری ہے کہ اس میں مقامی کمیونٹی کو بھی شامل کیا جائے تاکہ پائیدار ترقی ممکن ہو سکے۔ صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ آپ یہاں اقوام متحدہ کے نمائندے کی حیثیت سے آئے ہیں اگرچہ اس میٹنگ کا ایجنڈا مختلف ہے لیکن آپ چونکہ اقوام متحدہ کے اداروں کی نمائندگی کر رہے ہیں تو میں آپ سے کہوں گا کہ آپ اپنے فورمز پر مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالے سے بھی بات کریں جس پر اقوام متحدہ کے پاکستان میں ریذیڈنٹ کوارڈینیٹر جولین ہارنیز(Julien Harneis) نے صدر ریاست کو یقین دلایا کہ جس حد تک ممکن ہوا میں اپنے فورمز پر مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بات کروں گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں