گولڑہ روڈ کی خستہ حالی سے مسافروں اور قریبی آبادیوں کے مکینوں کو آمدورفت میں دشواری کا سامنا

بدھ 14 فروری 2018 13:41

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 فروری2018ء) اسلام آباد کی مصروف شاہراہ گولڑہ روڈ کی خستہ حالی سے مسافروں اور قریبی آبادیوں کے مکینوںکو آمدورفت میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، ٹریفک حادثات اور ٹریفک جام معمول بن گیا ہے۔ شہریوں نے ارباب اختیار سے فوری اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے۔ گولڑہ شریف دربار سے سرائے خربوزہ تک روڈ پر بڑے بڑے گڑھے پڑے ہوئے ہیں جس کے باعث گاڑیوں کا گزرنا محال ہو جاتا ہے بارشوں کا پانی بھی تاحال ان گڑھوں میں جمع ہے جس کی وجہ سے گاڑی مالکان کو گڑھوں کی گہرائی کا اندازہ نہیں رہتا اور گاڑیاں پھنس کر رہ جاتی ہیں اور سڑک کی یہ صورتحال اکثر اوقات حادثات کا بھی باعث بنتی ہے۔

اس شاہراہ پر روزانہ سفر کرنے والے موٹر سائیکل سوار سلیم بٹ کا کہنا ہے کہ اسے ملازمت اور گھریلو کام کاج کیلئے روزانہ دو سے تین بار گولڑہ روڈ سے گزرنا ہوتا ہے لیکن روڈ سے گزرنا جان جوکھوں میں ڈالنے کے مترادف ہے اور ہر ہفتے موٹر سائیکل بھی مرمت کرانا پڑتی ہے۔

(جاری ہے)

ناصر بٹ نامی ایک ٹیکسی ڈرائیور نے بتایا کہ سواریوں کیلئے اسے اس سڑک پر سفر کرنا پڑتا ہے اور اکثر یہاں ٹریفک جام ملتی ہے جس کی وجہ سے بہت وقت ضائع ہوتا ہے اور کئی مرتبہ اس کی اپنی گاڑی معمولی حادثات کا بھی شکار ہوئی ہے۔

قریبی آبادیوں کے مکینوں کا کہنا ہے کہ سکول کے بچوں کو حاضری اور چھٹی کے اوقات میں انتہائی دشواری کا سامنا رہتا ہے۔ متعدد بار متعلقہ حکام سے اس سڑک کے بارے میں شکایت کی ہے لیکن یقین دہانیوں کے باوجود تاحال اس سڑک کی مرمت نہیں ہو سکی۔ شہریوں نے ارباب اختیار سے اپیل کی ہے کہ گولڑہ روڈ کی مرمت کا کام جلد سے جلد کرایا جائے تاکہ شہریوں کی مشکلات کو کم کیا جا سکے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں