وفاقی پولیس دن دیہاڑے مسلح ڈکیتی کرنے والے ڈاکوئوں کا سراغ نہ لگا سکی

پیر 26 اکتوبر 2020 02:00

اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اکتوبر2020ء) : انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس کی یقین دہانی کے باوجود وفاقی پولیس دن دیہاڑے آئی ایٹ میں مسلح ڈکیتی کے دوران لٹنے والے سینئر صحافی رائو اشتیاق کو لوٹنے والوں کا سراغ نہ لگا سکی جبکہ سی سی ٹی وی کی فوٹیج بھی کارگر ثابت نہیں ہوئی۔ قومی خبر رساں ادارے کے سینئر صحافی اشتیاق رائو سے دن دیہاڑے مسلح موٹر سائیکل سوار 8 لاکھ روپے چھین کر فرار ہوگئے اور قابل شناخت سی سی ٹی وی امیج موجود ہونے کے باوجود ابھی تک مسلح ڈاکوئوں کو پکڑا نہیں جا سکا جبکہ پولیس صرف طفل تسلیاں دے رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ابھی تک پولیس نے مذکورہ ڈاکوئوں کے زیر استعمال موبائل فون کی جیو فینسنگ بھی نہیں کی ہے تاکہ مذکورہ افراد کا کوئی سراغ لگایا جا سکا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر جرائم پیشہ عناصر پولیس کی آنکھوں میں دھول جھونک کر فرار ہو جاتے ہیں اور پولیس کے تمام اندازے ناکام ہو جاتے ہیں تو پولیس کو بھی اپنے روایتی طریقہ کار سے باہر نکل کر کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ آئے روز بڑھتے ہوئے سٹریٹ کرائم کی وارداتوں کی روک تھام کی جا سکے۔

ایک سینئر پولیس افسر نے اے پی پی کو بتایا کہ وفاقی پولیس بنکوں سے تعاقب کرتے ہوئے مختلف سیکٹرز میں شہریوں کو لوٹنے والے گروہوں کا سراغ لگانے کے لئے تمام پہلوئوں سے تفتیش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اے ایس پی رانا عبدالوہاب کی سربراہی میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے جو ایسے ڈاکوئوں کی گرفتاری کے لئے تمام متعلقہ اداروں کے تعاون سے سراغ ڈھونڈنے میں مصروف عمل ہے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں