طلبا و طالبات ملک کے رو شن مستقبل کے امین ہیں ،چوہدری عبدالغفور خان

تفریحی و معلوماتی دوروں سے طلبا کی صلاحیتوں میں نکھار آتا ،قوت فیصلہ ،مہم جوئی کے شوق میں اضافہ ہوتا ہے،سیاحت کے شعبے میں پروفیشنل ازم کو فروغ دینے کیلئے ہائیر ایجوکیشن کی مدد سے ڈگری، ڈپلومہ اور سرٹیفکیٹ کورسز متعارف کروا رہے ہیں، ایم ڈی پاکستان ٹورازم کی صوبائی وزیر رضا علی گیلانی سے گفتگو

پیر 6 نومبر 2017 21:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 نومبر2017ء) منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان ٹورازم چودھری عبدالغفور خان نے کہا ہے کہ طلبا و طالبات ملک کے رو شن مستقبل کے امین ہیں ،آنیوالے وقت میں ملک کی باگ دوڑ انہوں نے ہی سنبھالنی ہے اس لئے انہیں اپنے ملک کے متعلق تمام معلومات ہونی چاہئیںکہ قدرتی وسائل سے مالامال پاکستان دنیا کا خوبصورت ترین ملک ہے جہاں قدرت کے عطا کردہ قدرتی مناظر، پہاڑ، وادیاں، جھیلیں ، سمندر، صحرا سبھی موجود ہیں۔

وزیر ہائیر ایجوکیشن پنجاب رضا علی گیلانی سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ طلبا کو اپنی ثقافت و سیاحت سے روشناس کروانے کیلئے پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن طلبا و طالبات کیلئے خصوصی ٹور پیکیجز کا اہتمام کرے گا تاکہ ملکی تاریخ و ثقافت سے نہ صرف لطف اندوز ہو سکیں بلکہ تمام تر معلومات بھی حاصل کر سکیں۔

(جاری ہے)

تفریحی و معلوماتی دوروں سے نہ صرف طلبا کی صلاحیتوں میں نکھار آتا ہے بلکہ قوت فیصلہ اور مہم جوئی کے شوق میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کہ ٹور پیکیجز ملک بھر کے تمام شہروں میں دستیاب ہونگے ۔انہوں نے کہا کہ ڈے ٹرپس، تین دن، اور ہفتہ بھر کیلئے پیکیجز تیار کئے جا رہے ہیں جن میں قیام و طعام اور ٹرانسپورٹ کی ذمہ داری پی ٹی ڈی سی کی ہو گی جبکہ طلبا ان پیکیجز سے نہایت ارزاں ریٹس پر استفادہ حاصل کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت کئی ملکوں کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور پاکستان میں اس کے فروغ سے کثیر زرِ مبادلہ کمایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس شعبے میں پروفیشنل ازم کو فروغ دینے کیلئے ہم ہائیر ایجوکیشن کی مدد سے ڈگری، ڈپلومہ اور سرٹیفکیٹ کورسز متعارف کروا رہے ہیں ۔ اس کے علاوہ کالج آف ٹورازم اینڈ ہوٹل مینجمنٹ کی مدد سے بھی پی ٹی ڈی سی سٹاف کو ٹریننگ دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ جیسے پی ٹی ڈی سی ملکی سطح پرسیاحت کے فروغ و ترویج کیلئے کوشاں ہے اسی طرح صوبہ پنجاب میں بھی سیاحت کی ترویج پر زور و شور سے کا جاری ہے۔ ضرورت ہے کہ قومی سطح پر اس شعبے میں کام کیا جا ئے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں