اسلام آباد ، کھیتوں میں بکریاں جانے پر دو گروپوں میں تصادم ،3 افراد قتل ،ایک نوجوان زخمی

پولیس نے لاشیں قبضے میں لے کر دونوں گروپوں کے ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کرلئے ، ملپور میں پولیس کی بھاری نفری تعینات

اتوار 10 دسمبر 2017 16:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 دسمبر2017ء) وفاقی دارالحکومت کے تھانہ سیکرٹریٹ کے علاقے ملپور میں کھیتوں میں بکریاں جانے کے معاملے پر دو گروپوں میں جھگڑے کے دوران تین افراد کو قتل کردیا گیا جبکہ فائرنگ کرنے والا ایک نوجوان ذیشان گولیاں لگنے سے زخمی ہوگیا‘ پولیس نے لاشیں قبضے میں لے کر دونوں گروپوں کے ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کرلئے ہیں۔

ملپور میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی۔ پولیس کے مطابق تھانہ سیکرٹریٹ کے علاقے ملپور میں مسکین نامی شخص کی بکریاں عالم خان کے کھیت میں داخل ہوگئیں جس پر عالم خان کی طرف سے مسکین کے ساتھ گالم گلوچ اور ہاتھا پائی سے شروع ہونے والا جھگڑا فائرنگ تک پہنچ گیا۔ عالم خان کی طرف سے فائرنگ کے نتیجے میں بکریوں کا مالک مسکین موقع پر دم توڑ گیا‘ مسکین کے بیٹے ذیشان کو جب حملے کا علم ہوا تو وہ فوری طور پر مسلح ہو کر موقع پر پہنچا اور اس نے فائرنگ کرکے عالم خان اور اس کی اہلیہ کو قتل کردیا۔

(جاری ہے)

عالم خان کے حامیوں کی طرف سے دوبارہ فائرنگ پر مسکین کے بیٹے ذیشان کو گولیاں ماری گئیں جو زخمی حالت میں پولی کلینک منتقل کردیا گیا جبکہ دونوں گروپوں کے قتل ہونے والے تینوں افراد کی لاشیں پولی کلینک منتقل کرکے پوسٹ مارٹم کیا گیا اور لاشیں ورثاء کے حوالے کردی گئیں۔ تھانہ سیکرٹریٹ پولیس نے دونوں گروپوں کے ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کرلئے ہیں جبکہ علاقے میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے تاکہ یہ لڑائی جھگڑا آگے نہ بڑھ سکے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں