پولیو مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے تین کروڑ 80 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے، نیشنل کوآرڈینیٹر پولیو خاتمہ پروگرام

بدھ 14 فروری 2018 13:45

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 فروری2018ء) پاکستان میں پولیو کے خاتمہ کے پروگرام کے نیشنل کوآرڈینیٹر رانا محمد صفدر نے کہا ہے کہ پولیو مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے تین کروڑ 80 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پانچ سے کم عمر کے ایک کروڑ 91 لاکھ 50 ہزار بچوں، خیبرپختونخوا میں 56 لاکھ 80 ہزار بچوں، سندھ میں 87 لاکھ بچوں، بلوچستان میں 24 لاکھ 60 ہزار بچوں، فاٹا میں 10 لاکھ تین ہزار بچوں، آزاد جموں و کشمیر میں 7 لاکھ 40 ہزار، گلگت بلتستان میں 2 لاکھ 37 ہزار بچوں اور اسلام آباد میں تین لاکھ 13 ہزار بچوں کو پولیو سے بچائو کی ویکسین دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ مہم کے دوران ویکسین کی 4 کروڑ 25 لاکھ خوارکیں استعمال ہوں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکمت عملی کے تحت کراچی میں پولیو مہم رواں ماہ کی 22 تاریخ سے شروع ہو گی اور 6 ہزار ہیلتھ ورکر گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائیں گے۔ رانا محمد صفدر نے کہا کہ گذشتہ برس پولیو کے 8 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک بھر میں پولیو کے کیسز سب سے زیادہ کراچی اور قلعہ سیف الله میں پائے جانے کے خدشات ہیں اور ہم ان شہروں پر سب سے زیادہ توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ ملک سے پولیو وائرس کے مکمل خاتمہ کو یقینی بنانے کیلئے سالانہ مہم کے ساتھ ساتھ ملک گیر انسداد پولیو کی مہمات آئندہ 9 ماہ کے دوران شروع کی جائیں گی۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں