پنجاب پولیس میں آئوٹ آف ٹرن پروموشن کیس،جس بنیاد پر عدالتوں نے ترقیاں دی تھیں وہ ختم ہو گئیں،

جب بنیاد ہی ختم ہوجائے تو ترقیاں کیسے برقرار رہ سکتی ہیں،سپریم کورٹ

منگل 20 فروری 2018 21:53

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 فروری2018ء) سپریم کورٹ نے پنجاب پولیس میں آئوٹ آف ٹرن پروموشن کے حوالے سے کیس کی سماعت کل بدھ کی صبح تک ملتوی کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ جس بنیاد پر عدالتوں نے ترقیاں دی تھیں وہ ختم ہو گئی ہیں اورجب بنیاد ہی ختم ہوجائے تویہ ترقیاں کیسے برقرار رہ سکتی ہیں، منگل کوچیف جسٹس میاں ثاقب نثارکی سربراہی میں پانچ رکنی لارجربنچ نے کیس کی سماعت کی ، اس موقع پر عدالتی فیصلے سے متاثرہ پولیس افسران کے وکیل خواجہ حارث نے پیش ہوکرموقف اپنایا کہ جن افسران کوآئوٹ آف ٹرن پروموشن دی گئیں ان کو سپریم کورٹ نے تحفظ دیا جس پرچیف جسٹس نے ان سے کہاکہ عدالت نے پروموشن پانے والے افسران کو تخفظ دیا ہے تو لارجر بنچ کو اس فیصلے پر نظر ثانی کا اختیار حاصل ہے،اورجن لوگوں کی ترقی کوعدالت کے ذریعے تحفظ دیا گیا ہے وہ واپس بھی لیا جا سکتا ہے،کیونکہ جس بنیاد پر عدالتوں نے ترقیاں دی تھیں وہ تو ختم ہو گئی اور جب بنیاد ختم ہوگئی ہے توعدالتی ترقیاں کیسے برقرار رہ سکتی ہیں، فاضل وکیل نے کہاکہ تنزلی سے پولیس کا مورال اور عزت نفس متاثر ہو رہا ہے، متاثرہ افسران کیلئے ایک آپشن یہ بھی ہے کہ ان کو ریٹائرمنٹ کا آپشن دیا جائے ، فاضل وکیل کے دلائل ختم ہونے پرعدالت نے مزیدسماعت ملتوی کر دی۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں