چیف کمشنر اسلام آباد آفتاب اکبر درانی کی زیر صدارت ضلعی انتظامیہ کا اہم اجلاس

6 اپریل سے شروع ہونے والے اسلام آباد سپرنگ فیسٹیول کے انتظامات کا جائز ہ لیاگیا

منگل 3 اپریل 2018 17:21

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اپریل2018ء) چیف کمشنر اسلام آباد آفتاب اکبر درانی کی زیر صدارت ضلعی انتظامیہ کا اہم اجلاس منگل کو منعقد ہوا جس میں اسلام آباد میں 6 اپریل سے 8 اپریل تک منعقد ہونے والے تین روزہ اسلام آباد سپرنگ فیسٹیول کے انتظامات کا جائز ہ لیاگیا۔ چیف کمشنر اسلام آباد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آبا د میں جشن بہاراں کے انتظامات کے سلسلہ میں تیاریاں عروج پر ہیں ، اسلام آباد انتطامیہ نے مختلف اداروں کے تعاون سے رنگا رنگ پروگراموں کو حتمی شکل دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس بہار میلے کی حیثیت تاریخی اور یادگار ہو گی اور شہری اس سے بھرپور لطف اندوز ہوں گے۔ شہر کو خوبصورتی سے سجایا جا رہا ہے، اس کیلئے تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور انتظامی افسروں کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں، شہر میں چوکوں پر چراغاں ہوگا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کیپٹن ( ر) مشتاق احمد نے شرکاء کو سپرنگ فیسٹیول بارے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ مختلف پروگراموں کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔

میلہ کی تقریبات مختلف مقامات پر ہوں گی جن میں ایف نائن پارک، لیک ویو، راول ڈیم، مارگلہ ہلز اور دامن کوہ شامل ہیں۔ اس موقع پر جوانوں میں کھیلوں کے مقابلے ہوں گے ۔ اسپیشل بچوں کا کرکٹ میچ ہو گا۔ مارگلہ ہلز پر شجرکاری ہو گی۔ سائیکلنگ کا مقابلہ چڑیا گھر سے دامن کوہ تک ہوگا۔ جناح ایونیو پر میراتھن ریس کا اہتمام ہے۔ افتتاحی تقریب میں پینڈز، گھوڑوں کا رقص، فوک ڈانس اور روایتی فوڈ ڈشوں جبکہ صوفی نائٹ کا بھی اہتمام ہو گا۔ محفل مشاعرہ کا اہتمام ہو گا۔ جڑواں شہروں سے شہریوں کی بھاری تعد اد اس میلے میں شرکت کرے گی۔ شہر میں انٹری کیلئے پانچ گیٹس لگائے جا رہے ہیں۔ راول ڈیم میں کشتی رانی اور تیراکی کے مقابلے بھی ہوں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں