پولیس ملازمین کو15 دنوں کے اندر اندر بجٹ اعزازیہ دیا جائے، قائمہ کمیٹی کی وزارت داخلہ اور وزارت خزانہ کو ہدایت

منگل 3 اپریل 2018 18:24

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اپریل2018ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے حکومتی یقین دہانیاں نے وزارت داخلہ اور وزارت خزانہ کو ہدایت کی ہے کہ پولیس ملازمین کو15 دنوں کے اندر اندر بجٹ اعزازیہ دیا جائے اور 7 دنوں کے اندر کارروائی کی ابتدائی رپورٹ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرائی جائے۔ کمیٹی نے کہا کہ 15 دنوں میں حتمی رپورٹ جمع کرائی جائے۔

اگر اعزازیہ نہ دیا گیا تو سیکرٹری فنانس اور سیکرٹری داخلہ سے جواب طلبی کی جائے گی۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ پی ٹی وی ملازمین کو اعزازیہ دیدیا گیا تھا جس پر پی ٹی وی انتظامیہ کی کارروائی کو سراہا گیا تاہم کمیٹی اراکین نے ہدایت دی کہ اگر کوئی ملازم اعزازیہ سے محروم رہ گیا ہو تو اس کی درخواست پر غور کرکے قواعد و ضوابط کے مطابق نمٹایا جائے۔

(جاری ہے)

کمیٹی نے واپڈا کو ہدایت کی کہ وہ ضلع بونیر کی لوڈ شیڈنگ کو چار ہفتوں کے اندر ختم کرائے اورہر سات دن بعد کارروائی رپورٹ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرائے۔ وزارت ہاؤسنگ کو کمیٹی نے ہدایت کی کہ وہ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ اور سینٹ سیکرٹریٹ کے ملازمین کے مکانات کی الاٹمنٹ اور پلاٹوں کی الاٹمنٹ کے سلسلے میں دیگر وفاقی ملازمین کے برابر استحقاق دے۔

کمیٹی نے وزارت کامرس کو ہدایت کی کہ وہ 5 مارچ کو رکن قومی اسمبلی قیصر احمد شیخ کی جانب سے برآمدات کو بڑھانے کیلئے کئے گئے اقدامات کے بارے میں آگاہ کرے۔ اورسات دن کے اندر قومی اسمبلی میں رپورٹ پیش کی جائے۔ مجلس قائمہ برائے حکومتی یقین دہانیاں نے تمام زیر التواء یقین دہانیوں کی نگرانی کیلئے ایک ذیلی کمیٹی بنائی جس کی کنوینئر شہزادی عمرزادی ٹوانہ کو بنایا گیا۔

ذیلی کمیٹی میں بطور رکن ڈاکٹر فوزیہ حمید، عبدالمجید خان خانان خیل اور ملک ابرار احمد شامل ہوں گے۔ اس موقع پر شہزادی عمرزادی ٹوا نہ نے سابقہ 2 ذیلی کمیٹیوں کی رپورٹ پیش کی جس میں انہوں نے بتایا کہ ذیلی کمیٹی کی کوششوں سے دریائے راوی پر سید والا پتن ضلع ننکانہ کے کئی سالوں سے زیرِ التواء پل کو 3 ماہ کے اندر مکمل کرکے ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ہے۔

تاہم وہاں کے متاثرین کو این ایچ اے نے ابھی معاوضہ نہیں دیا۔ اسی طرح بتا یا گیا کہ تمام متعلقہ محکموں کے جن ملازمین نے قومی اسمبلی میں ڈیوٹی سرانجام دی، انہیں اعزازیہ مل گیا ہے تاہم پولیس، الائیڈ بنک اور سوینئر شاپ کے ملازمین کی جانب سے اعزازیہ کی ادائیگی کی رپورٹ وصول نہیں ہوئی۔ مجلس قائمہ نے ذیلی کمیٹی کو ہدایت کی کہ ان یقین دہانیوں کے سلسلے میں نگرانی جاری رکھیں اور ان پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔

مجلس قائمہ کے اجلاس کی صدارت چیئرمین محمد افضل کھو کھر نے کی جبکہ ممبران مجلس قائمہ برائے حکومتی یقین دہانیاں عبد المجید خان خانان خیل، شہزادی عمر زادی ٹوانہ، چوہدری محمد منیر اظہر، سیّد ساجد مہدی، ملک ابرار احمد، رجب علی خان بلوچ، عبدالحکیم بلوچ، شفقت محمود، ڈاکٹر فوزیہ حمید اور شیر اکبر خان، محرک نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں وزیرِ مملکت برائے تجارت، سیکرٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس ڈویڑن، سیکرٹری پارلیمنٹری افیئرز، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ اور ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات کے علاوہ کئی اعلی ٰسول افسران نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں