جمہوریت، شہری آزادیوں اور صوبائی خود مختاری کیلئے پارٹی پرعزم رہے گی، آصف علی زرداری کا بھٹو شہید کی برسی پر پیغام

منگل 3 اپریل 2018 21:16

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 اپریل2018ء) سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کے 39ویں یوم شہادت کے موقع پر اپنے پیغام میں اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ جمہوریت، شہری آزادیوں اور صوبائی خود مختاری کے لئے پارٹی پرعزم رہے گی۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ شہید بھٹو نے ملک کو متفقہ آئین دیا جس کی بنیاد انسانی حقوق اور صوبائی خودمختاری کے اصولوں پر ہے۔

آئین میں پیپلزپارٹی کی حکومت نے 18ویں ترمیم بھی متفقہ طور پر کی جس کی مدد سے ڈکٹیٹروں کی جانب سے 1973ء کے آئین میں جو تبدیلیاں کی گئی تھیں انہیں ختم کرکے شہریوں کے حقوق اور صوبائی حقوق بحال کر دئیے۔ یہ یاد رکھا جائے کہ 18ویں ترمیم پر تمام صوبوں کا اتفاق موجود ہے۔

(جاری ہے)

سابق صدر نے متنبہ کیا کہ سیاسی اتفاق رائے کا احترام نہ کرنا اور آئین سے کوئی غیرآئینی کھلواڑ کرنا سیاسی تباہی ہوگا۔

آج ہم شہید ذوالفقار علی بھٹو کے سیاسی آئیڈلز پر چلنے کا عزم کرتے ہوئے یہ عہد کرتے ہیں کہ جمہوریت، فرد کی آزادی اور صوبائی خودمختاری کی حفاظت کریں گے۔ طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں اور تبدیلی ووٹ کے ذریعے آنی چاہیے نہ کہ گولی کے ذریعے اور یہی پارٹی کے بانی چیئرمین کا دیا ہوا سیاسی سبق ہے۔ یہ سبق یاد رکھنے کی جتنی آج ضرورت ہے پہلے کبھی نہیں تھی۔

شہید ذوالفقار علی بھٹو ایک غیرمعمولی شخصیت تھے اور بہت سے لوگ جو ان کے رابطے میں آئے وہ بھی غیرمعمولی بن گئے۔ شہید بھٹو کا سب سے بڑا کارنامہ عوام کو مایوسی کے عالم میں امید دلانا تھا اور جب ہر طرف اندھیروں کا راج تھا اس وقت انہوںنے اپنے خون سے راستوں کو منور کیا۔ شہید بھٹو امید کا منارہ نور تھے اور آنے والے وقتوں میں بھی وہ امید کا منارہ نور رہیں گے۔ آصف علی زرداری نے اس موقع پر ان تمام لوگوں کو بھی خراج عقیدت اور خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے جمہوریت اور ملک کے تحفظ کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور مصائب کا سامنا کیا۔ طارق ورک

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں