سپریم کورٹ نے سمند ر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کیلئے نادرا کے تیار کردہ سافٹ ویئر بارے بریفنگ کیلئے تمام سٹیک ہولڈرزکو 12اپریل کو طلب کرلیا

منگل 3 اپریل 2018 22:03

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اپریل2018ء) سپریم کورٹ نے سمند ر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کیلئے نادرا کی طرف سے تیار کئے گئے سافٹ ویئر بارے بریفنگ کیلئے تمام سٹیک ہولڈرزکو 12اپریل کو طلب کرلیا ہے۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں عدالت عظمی کے تین رکنی بینچ نے سمندرپار پاکستانیوں کوووٹ کے حقوق دینے سے متعلق کیس کی سماعت کی ،اس موقع پر چیف جسٹس نے کہاکہ چاہتے ہیں نادراحکام عوامی نمائندگان کوبریفنگ دیں۔

ہرسیاسی جماعت دو، دو نمائندگان کو بریفنگ کے لیے بھیجے ۔ قومی اسمبلی اور سینٹ سے 6،6ارکان کوبھی بریفنگ کیلئے بھجوایاجائے۔ عدالت نے وزارت پارلیمانی امور،وزات خارجہ،اوروزارت آئی ٹی کے سیکرٹریز ،لمز،نسٹ اورپنجاب آئی ٹی بورڈ کے نمائندگان بھی طلب کرلئے ۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس نے کہاکہ الیکشن کمیشن تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے ممکن ہے سافٹ وئیر میں امپروومنٹ کی ضرورت ہو، جمعرات کو ساڑھے تین بجے سپریم کورٹ آڈیٹوریم ہال میں بریفنگ ہوگی ۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں الیکشن کمیشن معاملے کی اونرشپ لے اب اصل کام پارلیمنٹ الیکشن کمیشن کاہے۔ اوورسیز پاکستانی پاکستان سے محبت کرنے والے لوگ ہیں،ہمارا مقصد اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دلانا ہے۔ اس دوران عمران خان کے وکیل انور منصورخان نے کہاکہ ہم سافٹ وئیر تیار کرنے پر نادرہ حکام کے شکر گزار ہیں۔جمعرات کی بریفنگ کے بعد جب سب مطمئن ہو جائیں تو باضابطہ شکریہ ادا کرینگے، سپریم کورٹ نے بریفنگ کے لئے چیف الیکشن کمیشنر کو مدعوکرتے ہوئے کہاکہ الیکشن کمیشن کے ممبران بھی بریفنگ کے لیے آناچاہیں توآسکتے ہیں ووٹنگ سافٹ ویئیر کے حوالے سے بریفنگ 12اپریل کوسپریم کورٹ آڈیٹوریم ہال میں ہوگی۔

دریں اثنا سپریم کورٹ نے عمران خان کے علاوہ دیگر تمام درخواست گزاروں کی درخواستیں عدم پیروی کی بناپر خارج کر دیں ۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں