قومیں سماجی اور اقتصادی سطح پر پائی جانے والی تفریق کو دور کیے بغیر ترقی نہیں کر سکتیں،ماہرین تعلیم

پیر 16 اپریل 2018 17:33

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2018ء) ماہرین تعلیم نے کہا کہ قومیں سماجی اور اقتصادی سطح پر پائی جانے والی تفریق کو دور کیے بغیر ترقی نہیں کر سکتیں اور نہ ہی کوئی قوم ترقی کی منزلوں کو چھُو سکتی ہے جبکہ اس کی آدھی آبادی تعلیم کے زیور سے محروم ہو ۔اسلام آباد میںانٹرنیشنل فائونڈیشن فار ایجوکیشن ،ایمپاور منٹ اینڈ لرننگ (آئی ایف ای ای ایل)اور ڈنمارک میں مقیم پاکستانیوں کی تنظیم ہیلپنگ ہیومینٹی کے باہمی اشتراک سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تعلیم کے شعبہ سے وابستہ ماہرین نے کہا کہ معاشرے کے تعلیم یافتہ اور صاحب ثروت لوگوں کا یہ اخلاقی فریضہ بنتا ہے کہ وہ محروم اور پسماندہ طبقات کا خیال رکھیں اور ان کی دیکھ بھال کی ذمہ داری اٹھائیںاور معیاری تعلیم سے ہی یہ مثبت تبدیلی لانا ممکن ہے ۔

(جاری ہے)

تقریب سے ڈنمارک کے سفیر رولف مائیکل ہیپریراہومبوئی نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈنمارک امیر ترین اور خوشحا ل قوموں میں سے ایک اور اس کی بنیادی وجہ تعلیم کے شعبے کی ترقی ہے۔ نجی و سرکاری سطح پر ایک جیسا تعلیمی نظام پایا جاتا ہے۔ جس سے تعلیم کو کافی تقویت ملی ہے اور عالمی معیشت کا حصہ بننے کیلئے ضروری ہے کہ تعلیم پہلی ترجیح ہو ۔

انہوں نے آئی فیل (آئی ایف ای ای ایل)کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ سکول سے باہر رہ جانے والے بچوں کو ترقی کے مرکزی دھارے میں لانے کیلئے تنظیم نے ایک تعمیری کردار ادا کیا ہے اور اس کے مثبت اثرات برآمد ہونگے ۔انہوں نے تنظیم کے تعلیمی معیار کو بھی سراہا اور طلبا کو تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کے گھر کا چولہا جلانے کیلئے امداد کی تعریف بھی کی ۔

آئی فیل(آئی ایف ای ای ایل) وفاقی تعلیمی ادارے اور دیگر دوسری تنظیموں کی معاونت کے ساتھ اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں قائم 14شاخوں میں تقریباً ایک ہزار کے قریب طلبا کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ تقریب میں بہتر کارکردگی دکھانے والوں کو انعامات سے نوازا گیا جبکہ تنظیم کی سربراہ ڈاکٹر طیبہ صدیقی نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے ادارے کی کامیابیوں پر تفصیلاً روشنی ڈالی جبکہ اس موقع پر ایک جامع رپورٹ بھی جاری کی گئی جس میں آئی فیل(آئی ایف ای ای ایل) کی جانب سے محروم طبقات کیلئے تعلیم کے شعبے میں کی گئی کوششوں پر تفصیل روشنی ڈالی گئی تھی ۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں