خلاف فیصلہ آنے پر عدلیہ پر چڑھ دوڑنے کا وقت گزر چکا،قوم عدلیہ کے ساتھ ہے،ڈاکٹر محمد امجد

جسٹس اعجاز الاحسن کی رہائشگاہ پر فائرنگ مذموم اقدام ہے،ذمہ داران کا جلد تعین کیاجائے،ردعمل

پیر 16 اپریل 2018 19:18

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2018ء) آل پاکستان مسلم لیگ کے صدر ڈاکٹر محمد امجدنے کہا ہے کہ اپنے خلاف فیصلہ آنے پر عدلیہ پر چڑھ دوڑنے کا وقت بیت چکا، اب اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے عدلیہ کودھمکایا نہیں جاسکتا، قوم عدلیہ کے ساتھ کھڑی ہے۔جسٹس اعجازالاحسن کی رہائشگاہ پر فائرنگ کی شدید مذموم اقدام ہے۔ذمہ داران کا تعین کر کے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سپریم کورٹ کے جج جسٹس اعجازالاحسن کی رہائشگاہ پر فائرنگ کے واقعہ پر اپنے ردعمل میں کیا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ اعلیٰ عدلیہ نے ماضی کی روایات سے ہٹ کر قوم کے حق میں فیصلے صادر کرتے ہوئے عوام کے دل میں اپنے وقار اور اعتبار میں بے پناہ اضافہ کیاہے۔

(جاری ہے)

موجودہ عدلیہ نے وقت کے طاقتورترین لوگوںکے خلاف میرٹ پر فیصلے جاری کر کے یہ ثابت کیا ہے کہ چاہے کوئی بھی ہوآئین اور قانون سے بالا نہیں ہے۔

یہی وجہ ہے کہ ملک کے عوام دل و جان سے عدلیہ کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔اب وہ وقت گزر گیا ہے کہ اپنے خلاف فیصلہ آنے پر لوگ عدالتوں پر چڑھ دوڑیں۔اب گھٹیا ہتھکنڈوں سے عدلیہ کو دبایا نہیں جاسکے گا۔انہوں نے جسٹس اعجازالاحسن کی رہائشگاہ پر فائرنگ کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر واقعہ کی شفاف تحقیقات کی جائیں اور ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے ۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں