نئے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے تین روز سے مختلف آزمائشی ٹیسٹ کئے جا رہے ہیں،تمام آلات اور پائپ لائینیں بہتر حالت میں ہیں،آزمائشی تجربات کے دوران ٹھیکیدار کمپنیوں نے ایک پائپ لائن میں لیکنگ پائی جسے قلیل وقت میں مرمت کر دیا گیا،ترجمان

منگل 17 اپریل 2018 00:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2018ء) پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (پی سی اے ای) کے ترجمان نے نئے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے لگیج ایریا میں پائپ لائن لیکج کے حوالے سے مختلف ٹی وی چینلز پر نشر ہونے والی خبروں کے حوالے سے وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم کے مشیر برائے ایوی ایشن اور سیکرٹری ایوی ایشن کی ہدایت اور رہنمائی کے تحت نئے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے تین روز سے مختلف آزمائشی ٹیسٹ کئے جا رہے ہیں، ان آزمائشی تجربات میں مختلف مشینوں اور آلات کے ٹیسٹ کئے گئے۔

ٹھیکیدار کمپنیوں نے مستقبل کی تکلیف سے بچنے کیلئے بھرپور پانی کے پریشر کے ساتھ پانی کے پائپوں کا بھی مکمل معائنہ کیا۔ ان آزمائشی تجربات کے دوران ٹھیکیدار کمپنیوں نے ایک پائپ لائن میں لیکنگ پائی جسے قلیل وقت میں مرمت کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ لیکج معمولی تھی جس سے کسی سہولت کو نقصان نہیں پہنچا اور تمام پائپ لائنوں کے علاوہ تمام آلات بہتر حالت میں ہیں۔

ترجمان نے مزید وضاحت کی کہ پی سی اے اے نے اپنے عزم پر قائم رہتے ہوئے ایئرپورٹ سیکورٹی فورس کی مکمل سہولیات سے آراستہ بیرکس کامیابی کے ساتھ اے ایس ایف حکام کے حوالے کر دی ہیں جہاں 1200 ملازمین کی رہائش کی گنجائش ہے۔ ترجمان نے کہا کہ یہ بات یہاں قابل ذکر ہے کہ مختلف بین الاقوامی فوڈ چینز اور ان کے آئوٹ لیٹس بہت جلد نئے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فعال ہو جائیں گے، جس سے پی سی اے اے کے اپنے مسافروں کو جدید ترین سہولیات کی فراہمی کے عزم کو تقویت ملے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں