نگران وزیر اعظم کے ناموں کے حوالے سے خورشید شاہ کا بیان حیران کن ہے، فواد چوہدری

تحریک انصاف نے باضابطہ طور پر نام جاری کئے نہ ہی اس بارے میں کوئی بیان جاری کیا،خبر کی بنیاد پر انتہائی نوعیت کا بیان حیرت کا باعث ہے، بیا ن

منگل 17 اپریل 2018 16:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اپریل2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات و ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نگران وزیر اعظم کے ناموں کے حوالے سے خورشید شاہ کا بیان حیران کن ہے جبکہ خورشید شاہ کی جانب سے بلاتحقیق تحریک انصاف پر ناموں کے اجراء کا الزام باعث تعجب ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کیا ۔

(جاری ہے)

فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے باضابطہ طور پر نام جاری کئے نہ ہی اس بارے میں کوئی بیان جاری کیا،اخبار میں چھپنے والی خبر کی بنیاد پر انتہائی نوعیت کا بیان یقیناً حیرت کا باعث ہے،تحریک انصاف کی جانب سے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی قائد حزب اختلاف سے رابطے کے ذمہ دار ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اچھا ہوتا خورشید شاہ بیان داغنے سے پہلے کم از کم شاہ محمود قریشی سے تصدیق کرلیتے،قائد حزب اختلاف اہم منصب ہے، لاابالی پن کا متحمل نہیں ہوسکتا،نگران وزیر اعظم کی تقرری اہم مرحلہ ہے، مشاورت سے طے کیا جانا لازم ہے،تحریک انصاف اس حوالے سے کسی نتیجے پر پہنچے گی تو باضابطہ طور پر خورشید شاہ کو آگاہ کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا رپورٹس کی بجائے باہم روابط پر مکمل انحصار مناسب اور نتیجہ خیز ہوگا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں