نواز شریف کو جتنا دیوار کے ساتھ لگایا جا رہا ہے، ان کی عزت میں اتنا ہی اضافہ ہو رہا ہے، ووٹ کے تقدس کے حوالہ سے جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ رہیں گے، ہم سب کو ظلم اور ظالموں کے خلاف جدوجہد جاری رکھنا ہو گی،

عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل میاں افتخار حسین کا ’’ووٹ کو عزت دو‘‘ کے حوالہ سے سیمینار سے خطاب

منگل 17 اپریل 2018 22:56

اسلام آباد ۔ 17 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ نواز شریف کو جتنا دیوار کے ساتھ لگایا جا رہا ہے، ان کی عزت میں اتنا ہی اضافہ ہو رہا ہے، ووٹ کے تقدس کے حوالہ سے جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ رہیں گے، ہم سب کو ظلم اور ظالموں کے خلاف جدوجہد جاری رکھنا ہو گی۔

منگل کو یہاں نیشنل لائبریری میں ’’ووٹ کو عزت دو‘‘ کے حوالہ سے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مختلف ادوار میں ہماری حکومتیں ختم ہوتی رہیں مگر ووٹ کے تقدس کی بات کسی نے نہیں کی، ہم ووٹ کے تقدس کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹیرینز کو عدالت جا کر اپنے اختیارات نہیں دینے چاہئیں تھے، مسئلہ پارلیمنٹ کی سطح پر حل کیا جا سکتا تھا، ہم نواز شریف کے اتحادی نہیں ہیں مگر ووٹ کے تقدس کے معاملہ پر ہم ان کا ساتھ دیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جو اسمبلی میں پہنچ کر اپنی پارٹی کے ساتھ وفاداری نہیں نبھا سکتا اسے دوبارہ پارٹی ٹکٹ کیسے ملتا ہے، یہ بات سمجھ سے بالاتر ہے، جب ہم خود ووٹ کے تقدس کا خیال رکھیں گے تب ووٹ کو تقدس ملے گا، پاکستان کا مقدمہ صرف اور صرف سیاستدان پارلیمنٹ کے ذریعے لڑ سکتے ہیں، پاکستان اور اداروں کی عزت بڑھانی ہے تو پارلیمنٹ اور سیاسی جماعتوں کو عزت دینا ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ پشتون تحفظ موومنٹ کے تمام کے تمام مطالبات آئین کے دائرہ میں آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نقیب الله کے قتل کا ملزم رائو انوار سپریم کورٹ کو خط لکھتا ہے جبکہ وزیراعظم پیشیاں بھگتتا ہے، پشتونوں کے جائز مطالبات تسلیم کئے جائیں، انہوں نے کہا کہ صاف گوئی اور ووٹ کے تقدس کی بات کرنے پر دہشت گردوں نے میرے لخت جگر کو میرے گھر کے سامنے گولیاں مار کر شہید کر دیا، میںڈرا نہ سرجھکایا، اگر ہم اس وقت ڈر جاتے تو آج ووٹ کے تقدس کی بات نہ کی جاتی۔

انہوں نے کہا کہ ووٹ کے تقدس کے حوالہ سے نواز شریف کو الله نے اچھا موقع دیا ہے، جتنا انہیں دیوار کے ساتھ لگایا جا رہا ہے ان کی عزت بڑھ رہی ہے، ووٹ کے تقدس کیلئے جدوجہد میں ہم آپ کے شانہ بشانہ رہیں گے۔ انہوں نے تجویز دی کہ ایک کمیٹی تشکیل دے کر ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کے پاس بھیجا جائے، ووٹ کے تقدس کیلئے ملک میں بھرپور تحریک چلنی چاہئے، ظالموں اور ظلم کے خلاف جدوجہد جاری رکھنا ہو گی۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں