حکومت شہید بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے طلباء کے مستقبل سے نہ کھیلے،سید نیئر حسین بخاری

منگل 24 اپریل 2018 20:47

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکریٹری جنرل سید نیئر حسین بخاری نے حکومت کو خبردار کیا کہ وہ شہید بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے طلباء کے مستقبل سے نہ کھیلے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی باقیات بھی بھٹو دشمنی میں اندھی ہوچکی ہے۔ ایک بیان میں نیر حسین بخاری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومت نے اسلام آباد کے شہریوں کو شہید بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کا تحفہ دیا تھا۔

(جاری ہے)

شہید بھٹو میڈیکل یونیورسٹی اسلام آباد کی واحد سرکاری یونیورسٹی ہے جس کی پارلیمنٹ نے منظوری دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کو لفظ بھٹو سے پرخاش ہے اس لئے انہوں نے فیڈرل میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کو الگ کیا تاکہ یونیورسٹی کو ختم کیا جا ئے۔ نیر حسین بخاری نے پی ایم ڈی سی کو تنبہیہ کی کہ وہ طلباء دشمن کھیل کا حصہ نہ بنے۔ نیر حسین بخاری نے کہا کہ حکومت کے اس اندھے فیصلے کی وجہ سے یونیورسٹی کے زیر تعلیم طلباء کو خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیڈرل میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کو دوبارہ یونیورسٹی کا آئینی کالج بنایا جائے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں