سیکرٹری خزانہ کی زیر صدارت نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس،

اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ کا نوٹس لیا گیا

جمعرات 24 مئی 2018 22:13

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2018ء) نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو سیکرٹری خزانہ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ کا نوٹس لیا گیا اور صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ قیمتوں پر قابو پانے کیلئے چوکس رہیں۔ ڈسٹرکٹ پرائسز کنٹرول کمیٹیوں کو بھی ہدایت کی گئی کہ وہ قیمتوں کی نگرانی میں متحرک کردار ادا کریں اور منافع خوروں پر نظر رکھیں۔

انہوں نے مسابقتی کمیشن پاکستان سے بھی کہا کہ وہ منافع خوروں سے چوکس رہے۔

(جاری ہے)

کمیٹی نے قیمتوںکو قابو میں رکھنے کیلئے اضافی انتظامی اقدامات اور عوام کی سہولت کیلئے سستا اور اتوار بازاروں کو توسیع دینے پر بھی زور دیا۔ صوبائی حکومتیں اور دیگر سٹیک ہولڈرز اشیاء خوردونوش کی قلت سے بچنے کیلئے محتاط رہیں۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ قیمتوں پر کنٹرول اور چیکنگ کیلئے حکومت پنجاب نے بہترین ماڈل پیش کیا ہے۔ اجلاس میں چاروں صوبائی حکومتوں، اسلام آباد، وزارت صنعت، تجارت، نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ، منصوبہ بندی، شماریات ڈویژن، یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن اور ایف بی آر کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں