پاکستان اور دولت مشترکہ پارلیمانی تنظیم کا قانون سازی ، احتسابی عمل اور دیگر شعبوں میں باہمی روابط کوبڑھانے پر اتفاق

جمعرات 12 جولائی 2018 17:39

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جولائی2018ء) پاکستان اور دولت مشترکہ پارلیمانی تنظیم نے ادارہ جاتی سطح پر شفافیت اور بہتر نظام کار کے فروغ کے لیے قانون سازی ، احتسابی عمل اور دیگر شعبوں میں باہمی روابط کوبڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ برطانیہ میں دولت مشترکہ پارلیمانی تنظیم کے اعلیٰ حکام اور برطانوی پارلیمنٹ کے اراکین سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے پاکستان کے ایوان بالا کے وفد نے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کرتے ہوئے باہمی تعاون کو نئی بلندیوں پر لے جانے پر زور دیا ہے۔

یاد رہے کہ ایوان بالا کا وفد سینیٹر محسن عزیز ، سینیٹر میاں محمد عتیق شیخ اور سینیٹر محمد جاوید عباسی دولت مشترکہ پارلیمانی تنظیم کی خصوصی دعوت پر برطانیہ کے دورے پر ہیں اور دورے کا مقصد دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی روابط ، تجارت اور دیگر بین الادارہ جاتی تعاون کے فروغ کے لیے نئی راہیں ہموار کرنا ہے ۔

(جاری ہے)

برطانیہ کے اس دورے کے دوران پاکستانی وفد نے دولت مشترکہ پارلیمانی تنظیم کے عہدیداران سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے ایک دوسرے کے تجربات سے بھرپور فائدہ اٹھانے ، پارلیمانی استعداد کا ر بڑھانے کے متعلق اہم امور کو زیر بحث لایا گیا۔

وفد نے برطانوی پارلیمنٹ میں آل پاکستان پارلیمانی گروپس سے ملاقات بھی کی جس میں برطانوی پارلیمنٹ کے اراکین رحمان چشتی ، فیصل رشید ،افضل خان کے علاوہ لارڈ نذیر ، لارڈ حسین اور بیرونس اجسن بھی شامل تھے ۔ پاکستانی وفدنے مختلف ملکی و بین الاقوامی امور پر انہیں پاکستان کے موقف بارے آگاہ کیا اور بین الادارہ جاتی بڑھانے کے لیے مختلف تجاویز بھی پیش کیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں