کرپشن چھپانے کیلئے دو سیاسی پارٹیوں نے آپس میں گٹھ جوڑ کرلیا ،

مخالفین اپنی آمدن سے بڑھ کر اثاثوں کا منی ٹریل نہیں دے سکے، عمران پر بنی گالہ کا جھوٹا کیس دائر ہوا اس نے منی ٹرائل دے کر کلیئر کرایا ،اسلام آباد میں دھرنا دینے کا مقصد کرپشن اور دھاندلی کو بے نقاب کرنا تھا، صاف اور پا ئیدار جمہوریت کیلئے انصاف کے نظام کو وضع کرنا ہوگا پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر شبلی فراز کا سینٹ میں نکتہ اعتراض پر اظہار خیال

جمعرات 12 جولائی 2018 18:44

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 جولائی2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ کرپشن چھپانے کیلئے دو سیاسی پارٹیوں نے آپس میں گٹھ جوڑ کرلیا ، مخالفین اپنی آمدن سے بڑھ کر اثاثوں کا منی ٹریل نہیں دے سکے، عمران پر بنی گالہ کا جھوٹا کیس دائر ہوا اس نے منی ٹرائل دے کرکلیئر کرایا ،اسلام آباد میں دھرنا دینے کا مقصد کرپشن اور دھاندلی کو بے نقاب کرنا تھا، صاف اور پا ئیدار جمہوریت کیلئے انصاف کے نظام کو وضع کرنا ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز سینٹ میں نکتہ اعتراض پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے تحریک انصاف کے سینیٹر سید شبلی فراز نے کہا کہ ملک میں تاثر دیا جارہا ہے کہ الیکشن کمیشن پاکستان صحیح طریقے سے کام نہیں کررہا الیکشن کو مشکوک بنایا جارہا ہے اور ملک میں یہ تاثر دیا جارہا ہے کہ یہ ایک خاص پارٹی کیلئے ہورہا جو جیتنے والی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہاں یہ سچ ہے کہ ہم جیتنے والے ہیں، بتایا جائے کہ ملک کی دوسیاسی پارٹیاں جو گزشتہ 30سالوں سے اقتدار میں رہیں انہوں نے کہ دیا، یہاں کرپشن کے خلاف قوانین تو بنائے گئے لیکن انہیں استعمال نہیں کرنے دیا گیا، اس سلسلے میں دوبڑی پارٹیوں نے گٹھ جوڑ کیا ہوا ہے، ایک سیاسی پارٹی ایسی بھی تھی جس نے تیل کمپنی میں میٹرک پاس بندے کو سیٹ پر بیٹھاہوا تھا، نیا پاکستان اب نیا پاکستان بننے جارہا ہے، جہاں سب برابر ہوں گے، ایک پارٹی کا قائد عدالت کے ذریعے متاثر ہوا ہے اس کے اثاثے اس کی آمدن سے بڑھ کر تھے، کریمنل کیس کو سیاسی بنایا جارہا ہے، کرپشن چھپانے کیلئے واویلا شروع کردیا گیا ہے، پاکستان تحریک انصاف نے دھرنا اس لئے دیا کہ دوبارہ دھاندلی ہوئی، پیپلز پارٹی کو دعوت دیتے ہیں کرپشن کے خلاف تحریک انصاف کا ساتھ دیں، اب کوئی بھی پارٹی ہو اسے جواب دینا ہوگا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں