ہائر ایجوکیشن کمیشن کی اعلیٰ تعلیمی اداروں کو شجرکاری مہم اور دیامر بھاشا اور مہمند ڈیموں کی تعمیر کیلئے سپریم کورٹ کے فنڈ میں ایک دن کی تنخواہ جمع کرانے کی ہدایت

پیر 16 جولائی 2018 17:16

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2018ء) ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے اعلیٰ تعلیمی اداروں کو شجرکاری مہم کا آغاز کرنے اور سپریم کورٹ کی جانب سے دیامر بھاشا اور مہمند ڈیموں کی تعمیر کیلئے قائم کردہ فنڈ میں ایک دن کی تنخواہ جمع کرانے کی ہدایت کی گئی تاکہ پاکستان کو درپیش پانی کی کمی اور موسمیاتی تبدیلی جیسے مسائل سے نمٹنا جا سکے۔

حال ہی میں جامعات کے وائس چانسلرز، ریکٹرز اور سربراہان کو جاری کردہ مراسلہ میں ہائر ایجوکیشن کمیشن نے جامعات کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اپنے کیمپس میں شجرکاری مہم کا آغاز کریں تاکہ پاکستان کو سرسبز بنانے میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ اس مراسلہ کا بنیادی مقصد جامعات کو پانی کی کمی اور موسمیاتی تبدیلی جیسے معاشی و اقتصادی مسائل کے حل کیلئے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ساتھ مل کر اپنا کردار ادا کرنے کیلئے آمادہ کرنا تھا۔

(جاری ہے)

اس مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ ہر طالب علم اور جامعہ کے عملہ کے ہر فرد کیلئے لازم ہے کہ وہ ایک درخت کی کاشت کرکے عملی طور پر شجر کاری مہم کا حصہ بنیں۔ اس مراسلہ کے مندرجات میں یہ بھی درج ہے کہ جو طلباء اور جامعات کا سٹاف شجرکاری مہم کا حصہ بنیں گے، پودوں کے ساتھ ان کے ناموں کے ٹیگ لگائے جائیں اور جو لوگ شجر کاری مہم کاحصہ بنیں وہ آٹھ ہفتے تک پودوں کی دیکھ بھال کریں تاکہ شجرکاری مہم کو کامیابی سے ہمکنار کیا جا سکے۔

اس مراسلہ میں جامعات پر زور دیا گیا کہ وہ شجر کاری کے لیے ڈیپارٹمنٹس میںخصوصی جگہ مختص کریں اور اس بات کا خیال رکھا جائے کہ کنسٹرکشن کی صورت میں درختوں کو نقصان نہ پہنچے۔ سپریم کورٹ کی جانب سے دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم کیلئے قائم کردہ فنڈ کے حوالہ مراسلہ میں جامعات کو ہدایت کی گئی ہے کہ جامعات کی جانب سے تمام ملازمین کی ایک روز کی تنخواہ اس فنڈ میں جمع کرائی جائے جیسا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے بھی تمام ملازمین کی ایک دن کی تنخواہ اس فنڈ میں جمع کرائی جا رہی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں