انڈی پینڈینٹ ڈائریکٹرز کا ڈیٹا بینک آپریشنل ہوگیا

پیر 16 جولائی 2018 18:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2018ء) پاکستان انسٹیٹیوٹ آف کارپوریٹ گورننس نے انڈی پینڈینٹ ڈائریکٹرز کا ڈیٹا بینک آپریشنل کر دیا ہے۔ ایک کمپنی کے بورڈ پر موجود انڈی پینڈینٹ ڈائریکٹرز، کمپنی میں گورننس اور کارکردگی کو بہتر بنانے اور بورڈ کے مستعد کردار کے لئے اہم ہوتے ہیں۔ کمپنیز ایکٹ 2017کے مطابق ایک کمپنی کے بورڈ پر مقرر کئے جانے والے انڈی پینڈینٹ ڈائریکٹرز چاہے کسی بھی قانون، قوائد و ضوابط کے تحت تعینات کئے جائیں، ان کا انتخاب ایک منظور شدہ ڈیٹا بینک سے کیا جائے گا جسے ایس ای سی پی سے منظور شدہ کوئی ادارہ ترتیب دے گا۔

کمپنیز ایکٹ کے تحت، ایس ای سی پی نے اہلیت رکھنے والے افراد جن کو کمپنی میں انڈی پینڈینٹ ڈائریکٹرز مقرر کیا جا سکتا ہے، کا رجسٹرڈ ترتیب دینے کی ذمہ داری پاکستان انسٹیٹیوٹ آف کارپوریٹ گورننس کو سونپی تھی۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں ایس ای سی پی نے کمپنیز کے انڈی پینڈینٹ ڈائریکٹرز کے انتخاب اور تعیناتی کے طریقہ کار کے لئے ریگولیشنز بھی جاری کئے ہیں جن میں اس ڈیٹا بینک میں شامل کئے جانے والے افراد کی اہلیت اور ڈیٹا بینک میں شمولیت کی تفصیلات دیں گئیں ہیں۔

پاکستان انسٹیٹیوٹ آف کارپوریٹ گورننس کا انڈی پینڈینٹ ڈائریکٹرز کا ڈیٹا بینک اب مکمل طور پر آپریشنل ہے۔ ایسے تمام افراد جنہوں نے ایس ای سی پی کے منظور شدہ کسی بھی انسٹی ٹیوٹ سے ڈائریکٹرز کے تربیتی پروگرام کا کورس مکمل کیا ہے یا ایسے افراد جنہوں نے ڈائریکٹرز ٹریننگ پروگرام سے استثنا حاصل کر رکھا ہو، انڈی پینڈینٹ ڈائریکٹرز کے ڈیٹا بینک میں شمولیت کے لئے درخواست دے سکتے ہیں۔

ڈیٹا بینک میں شامل ہونے کے لئے درخواست گزار کو ایک بارمعمولی سی رجسٹریشن فیس ادا کرنا ہو گی۔ رجسٹریشن کے لئے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف کارپوریٹ گورننس کی ویب سائٹ کے ذریعے آن لائن درخواستیں بھی دی جا سکتی ہیں۔ کمپنیاں جو اپنے بورڈ پر انڈی پینڈینٹ ڈائریکٹرز تعینات کرنا چاہتی ہوںپاکستان انسٹیٹیوٹ آف کارپوریٹ گورننس کے ڈیٹا بینک میں رجسٹر ہو سکتیں ہیں اور سا لانہ فیس ادا کر کے انڈی پینڈینٹ ڈائریکٹرز کے ڈیٹا بینک تک رسائی حاصل کر سکتی ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں