ہائر ایجوکیشن کمیشن نے جامعات کو درخت لگانے اور ڈیموں کی تعمیر میں حصہ لینے کی ہدایت

پیر 16 جولائی 2018 21:18

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جولائی2018ء) ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے اعلی تعلیمی اداروں کو شجر کاری مہم کا آغاز کرنے اور سپریم کورٹ کی جانب سے دیامر بھاشا اور مہمند ڈیموں کی تعمیر کے لیے قائم کردہ فنڈ میں ایک دن کی تنخواہ جمع کروانے کی ہدایت کی گئی تاکہ پاکستان کو درپیش پانی کی کمی اور موسمیاتی تبدیلی جیسے مسائل سے نمٹنا جا سکے ۔

حال ہی میںجامعات کے وائس چانسلرز، ریکٹرز اور سربراہان کو جاری کردہ مراسلہ میں ہائر ایجوکیشن کمیشن نے جامعات کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اپنے کیمپس میں شجر کاری مہم کا آغاز کریں تاکہ پاکستان کو سرسبز بنانے میں اپنا کردار ادا کرسکیں ۔ اس مراسلہ کا بنیادی مقصد جامعات کو پانی کی کمی اور موسمیاتی تبدیلی جیسے معاشی و اقتصادی مسائل کے حل کے لیے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ساتھ مل کر اپنا کردار ادا کرنے کے لیے آمادہ کرنا تھا۔

(جاری ہے)

اس مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ ہر طالب علم اور جامعہ کے عملہ کے ہر فرد کے لیے لازم ہے کہ وہ ایک درخت کی کاشت کرکے عملی طور پر شجر کاری مہم کا حصہ بنیں۔ اس مراسلہ کے مندرجات میں یہ بھی درج ہے کہ جو طلباء اور جامعات کا اسٹاف شجر کاری مہم کا حصہ بنیں گے ، پودوں کے ساتھ ان کے ناموں کے ٹیگ لگائے جائیں اور جو لوگ شجر کاری مہم کاحصہ بنیں وہ آٹھ ہفتے تک پودوں کی دیکھ بھال کریں تاکہ شجرکاری مہم کو کامیابی سے ہمکنار کیا جا سکے ۔

اس مراسلہ میں جامعات پر زور دیا گیا کہ وہ شجر کاری کے لیے ڈیپارٹمنٹس میںخصوصی جگہ مختص کریں اور اس بات کا خیال رکھا جائے کہ کنسٹرکشن کی صورت میں درختوں کو نقصان نہ پہنچے ۔ سپریم کورٹ کی جانب سے دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم کے لیے قائم کردہ فنڈ کے حوالے مراسلہ میں جامعات کو ہدایت کی گئی ہے کہ جامعات کی جانب سے تمام ملازمین کی ایک روز کی تنخواہ اس فنڈ میں جمع کروائی جائے جیسا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے بھی تمام ملازمین کی ایک دن کی تنخواہ اس فنڈ میں جمع کروائی جا رہی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں