مسیحی برادری کے بچوں کو انکی تعلیمی قابلیت کے مطابق روزگار فراہم کریں گے ،سید سبط الحیدر بخاری

پاکستان پیپلز پارٹی غریب محنت کشوں کے حقوق کی محافظ ہے ،چوہدری محمد یٰسین یونین کونسل 30اڑتالیس کوارٹر سیکٹرG-7/3-1میں مسیحی برادری کے زیر اہتمام کارنر میٹنگ سے مقررین کا خطاب

پیر 16 جولائی 2018 22:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 جولائی2018ء) سی ڈی اے مزدور یونین سے تعلق رکھنے والی مسیحی برادری کے زیر اہتمام یونین کونسل 30اڑتالیس کوارٹرمیں کارنر میٹنگ کا انعقاد کیا گیا ،کارنر میٹنگ میں حلقہ این اے 53سے پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار سید سبط الحیدر بخاری ،سی ڈی اے مزدور یونین کے قائد چوہدری محمد یٰسین ،منیارٹی ونگ کے صدر مقبول مسیح کھوکھر ،چوہدری بشیر ،آصف صادق ،قیصر جنگو،وارث دلیپ ،سلیم بھٹی ،عباس کھوکھر ،طارق غوری ،خالد غوری ،نصرت بی بی ،نصیر مسیح ،سرفراز مسیح ،PYOاسلام آباد کے صدر ملک حیدر ،پادری ناصر ،سادھوسلامت سمیت دیگر سینکڑوں کارکنوں نے شرکت کی ،کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار سید سبط الحیدر بخاری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی جب بھی برسراقتدار آئی تو اس نے مسیحی برادری سمیت تمام غریب محنت کشوں کے حقوق کا تحفظ کیا اور آئندہ الیکشن میں کامیابی کے بعد مسیحی برادری کے بچوں کو انکی تعلیمی قابلیت کے مطابق 5 فیصدکوٹے کے تحت روزگار فراہم کریں گے اور کچی آبادی میں بسنے والے تمام مسیحی افراد کو بنیادی سہولیات فراہم کریں گے،اس موقع پر سی ڈی اے مزدور یونین کے قائد چوہدری محمد یٰسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور انکی عظیم بیٹی بے نظیر بھٹو شہید نے اپنی پوری زندگی غریب محنت کشوں کے حقوق کا تحفظ کیا اور انکے حقوق کے لیے آواز بلند کی ،پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنے دور اقتدار میں سی ڈی اے سمیت تمام سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں خاطر خواہ اضافہ کیا اور اسلام آباد کی کچی آبادیوں کو مالکانہ حقوق دے کر خصوصاً مسیحی برادری اور غریب محنت کشوں کو چھت فراہم کی اور انشاء اللہ آئندہ بھی شہید ذوالفقار علی بھٹو کے ویژن کے مطابق پاکستان بھر کی عوام کے مسائل کے حل اور محنت کش طبقے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی،تقریب سے منیارٹی ونگ کے صدر مقبول مسیح کھوکھر ،چوہدری بشیر ،آصف صادق ،قیصر جنگو،سلیم بھٹی و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں