بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو مسلسل ووٹ کے حق سے محروم رکھنا آئین اور بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے،

بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پارلیمنٹ میں حق نمائندگی دیا جائے چیئرمین ایسویسی ایشن آف پاکستانی لائرز بیرسٹر امجد ملک کا بیان

پیر 16 جولائی 2018 23:45

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2018ء) برطانیہ میں پاکستانی وکلاء کی تنظیم ایسویسی ایشن آف پاکستانی لائرز کے چیئرمین بیرسٹر امجد ملک نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو مسلسل ووٹ کے حق سے محروم رکھنا آئین اور بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ مانچسٹر سے جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم لاکھوں پاکستانیوں کو ووٹ جیسے بنیادی حق سے مسلسل محروم رکھنا افسوسناک ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پارلیمان اور الیکشن کمیشن سمیت دیگر اداروں اور سیاسی جماعتوں نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دلانے کیلئے عملی اقدامات نہیں کئے جو آئین پاکستان اور بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں بھی بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے محروم رکھا گیا جس سے ان کی بے چینی میں اضافہ ہوا ہے۔ بیرسٹر امجد ملک نے کہا کہ اگلے عام انتخابات میں اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے سے متعلق قانون سازی اورطریقہ کار وضع کرکے ان کی محرومی کا مداوا کیا جا سکتا ہے۔ بیرسٹر امجد ملک نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پارلیمنٹ میں حق نمائندگی بھی دیا جائے تاکہ ان کے مسائل براہ راست اسمبلی تک پہنچائے جا سکیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں